Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

ورلڈ کپ: پاکستان نے سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے لنکا ڈھا دی

رضوان اور عبداللہ شفیق کی سنچریز کی بدولت سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست، محمد رضوان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2023 04:05pm
پاکستان کی ورلڈکپ میں دوسری فتح، سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فوٹو ــ ٹوئٹر/ پی سی بی
پاکستان کی ورلڈکپ میں دوسری فتح، سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فوٹو ــ ٹوئٹر/ پی سی بی

اوپنرعبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے ورلڈکپ میں دوسری فتح اپنے نام کرلی۔ قومی ٹیم نے سری لنکا کے 345 رنز کا ہدف 10 گیندیں قبل ہی حاصل کرکے میچ 6 وکٹوں سے جیت لیا۔

آئی لینڈرز کے خلاف 345 رنز کا یہ ہدف اب تک ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہے۔ اس اعتبار سے پاکستانی ٹیم نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔

میچ حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

سری لنکا کے 345 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کی۔

اوپنر امام الحق اور کپتان بابر اعظم کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 176 رنز کی شراکت قائم کی۔

اوپنر عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے سنچریاں بنالیں۔

عبداللہ شفیق 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انھوں نے اپنی اننگ میں 3 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

محمد رضوان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 121 گیندوں پر 131 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی۔ جس میں انھوں نے سری لنکن بولرز کو 3 چھکے اور 8 چوکے رسید کیے۔

پاکستان نے آئی لینڈرز کے خلاف 345 رنز کا ہدف حاصل کرکے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، یہ ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا چیز ہے۔

پاکستان کی طرف سے امام الحق نے 12، کپتان بابر اعظم نے 10 اور سعود شکیل نے 31 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد 10 گیندوں پر 22 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

میگا ایونٹ میں اپنے دوسرے میچ میں پاکستانی بولرز خاطر خوا بولنگ نہ کرواسکے اور آئی لینڈرز بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 344 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کے کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما نے سنچریاں بنائیں۔

سری لنکا کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کرسکے، کوشل پریرا صفر پرآؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے 102 رنز کی شراکت قائم کی اور پاتھم نسانکا 51 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔

کوشل مینڈس کے بیٹ نے ایک بار پھر رنز اگلے، مینڈس نے 77 گیندوں پر سنچری بنائی۔ انھوں نے 14 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 122 کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

مینڈس کے بعد سدیرا سمارا وکرما نے بھی سنچری جڑی دی۔ انھوں نے بھی جارحانہ کھیلتے ہوئے 82 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے۔ جبکہ وہ 108 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں دھننجایا ڈی سلوا 25 اور چارتھ اسالنکا ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔

میچ کا باقائدہ آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ڈیڑھ بجے ہوا۔

قومی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ، اوپنر فخر زمان کو ڈراپ کرکے عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا۔

ٹاس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہم پراعتماد ہیں، اچھے کھیل کی امید ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف ہماری کارکردگی بھی اچھی رہی ہے۔

قومی اسکواڈ

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابراعظم، بیٹر عبداللہ شفیق، امام الحق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سعود شکیل اور افتخار احمد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان، محمد وناز، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث بھی سری لنکا کے خلاف 11 رکنی قومی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ورلڈ کپ کے دوسرے اور اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دیکر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل 156 میچز ہوئے ہیں، جن میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 92 میچز جیتے جبکہ سری لنکا 59 میچز میں کامیاب رہا، ایک میچ برابر ہوا جبکہ 4 میچز بے نتیجہ رہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 8 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 7 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا جو 2019 میں میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔

ODI World Cup

icc cricket world cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023