Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان اور سری لنکا ورلڈ کپ میں کتنی بار ٹکرائے، کس کا پلڑا بھاری؟

میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ کل سری لنکا کیخلاف کھیلے گی
شائع 09 اکتوبر 2023 11:34pm

بھارت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ کل سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

میچ حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔

اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کل 156 میچز ہوئے ہیں، جن میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 92 میچز جیتے جبکہ سری لنکا 59 میچز میں کامیاب رہا، ایک میچ برابر ہوا جبکہ 4 میچز بے نتیجہ رہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں پاکستان سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست رہا ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 8 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 7 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا جو 2019 میں میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اب تک پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں آئیں۔

پاکستان نے 1975 سے 2011 تک کے ورلڈ کپ کے دوران سری لنکا کو 7 مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا، پاکستان نے 1975 کے میچ میں سری لنکا کو 192 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔

گرین شرٹس نے 1983 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کو 2 بار شکست سے دوچار کیا، پہلی بار 50 اور دوسری دفعہ 11 رنز سے شکست دی۔

1987 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 میچز کھیلے گئے، پہلے میں گرین شرٹس نے 15 اور دوسرے میں 113 رنز سے فتح اپنے نام کی۔

پاکستان ٹیم نے 1992 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا سے صرف ایک بار مقابلہ کیا، جس میں پاکستان 4 وکٹ سے فتحیاب ہوا۔

اس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1996، 1999، 2003 اور 2007 کے ورلڈ کپ میں کوئی مقابلہ نہیں ہوا۔

دونوں ٹیمیں آخری بار 2011 کے ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں، جس میں پاکستان نے سری لنکا کو 11 رنز سے مات دے کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان حیدر آباد دکن اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کا 8واں میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں

ورلڈ کپ: زینب عباس بھارت چھوڑ کر دُبئی کیوں چلی گئیں

ورلڈ کپ کے پہلے 4 روز کی 3 کہانیاں

پاکستان ٹیم نے دوسرے میچ کی تیاری کے لیے حیدر آباد کے جم خانہ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، جس میں 9 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

ٹریننگ سیشن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث روف، سعود شکیل، محمد حارث، زمان خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں یہ دوسرا میچ ہوگا، پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز سے شکست دی تھی جبکہ سری لنکا کو جنوبی افریقا نے 102 رنز سے ہرایا تھا۔

india

cricket

pakistan vs sri lanka

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

head to head matches