Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل فلسطین کشیدگی: سعودی وزیر خارجہ کا امریکا سمیت عرب ممالک کے ہم منصبوں سے ٹیلی فونک رابطہ

شہزادہ فیصل بن فرحان کا کشیدگی کو روکنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور
شائع 08 اکتوبر 2023 10:09am
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان

سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر امریکا، مصر، قطر اور اردن کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطے کیے، جن میں کشیدگی کو روکنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سمیت اردن، قطراور مصر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو کسی طوریہ قابل قبول نہیں کہ عام فلسطینیوں کو اس طرح نشانہ بنایا جائے، تمام فریقوں کو انسانی عالمی قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے صورتحال کو بہتر کرنے اورعلاقے میں صورتحال کو مزید تشدد سے بچانے کے لیے عملی کوششوں کی ضرورت پرزوردیا ۔

مزید پڑھیں

ہمارے پاس تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کرانے کیلئے کافی اسرائیلی یرغمال ہیں، حماس

’حماس کا اسرائیل پر حملہ بدترین انٹیلی جنس ناکامی کے طور پر یاد رکھا جائے گا‘

فلسطینی قید میں اسرائیلی فوجی خواتین، غزہ میں اس بار بہت کچھ نیا ہوا

مصری وزیر خارجہ سامح شکری اوراردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر ایمن الصفدی سے رابطے کے دوران غزہ اور اس کے گرد ونواح کی صورتحال میں تازہ ترین پیش رفت اور کشیدگی روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطری وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ٹیلی فون پر رابطے میں غزہ کی صورتحال اور کشیدگی روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

یورپی یونین کے نمائندے جوزپ بوریل سے گفتگو میں سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ حالات کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے یورپی یونین فوری طور پر آگے بڑھے اور کشیدگی کو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Palestinian Israeli Conflict

Hamas Israel attack 2023