Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ورلڈ کپ: جنوبی افریقا کے ہاتھوں سری لنکا کو 102 رنز سے شکست

429 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 45 ویں اوورز میں 326 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی
اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2023 11:00pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقا نے سری لنکا کو جیت کے لیے عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا 429 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 45 ویں اوورز میں 326 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنائے جوکہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

اس سے قبل 2015 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹ پر 417 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک، رسی وین ڈر ڈوسن اور ایڈین مارکرم کی شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں، تنیوں بیٹرز نے بالترتیب 100، 108 اور 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔

میچ میں جنوبی افریقا کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان ٹمبا بووما محض 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ کے لیے 204 رنز کی شراکت قائم کی۔

ڈی کاک 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ وین ڈیر ڈوسن 108 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

ایڈن مارکرم نے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی، انہوں نے 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل 2011 کے ورلڈ کپ میں کیون و برائن نے 50 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

ایڈن مارکرم 106 اور ہینرک کلاسن 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر 39 اور مارکو جینسن 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشانکا نے 2، کسون رجیتھا، متھیشا پتھیرانا اور دونیتھ ویلالاگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی بیٹنگ

جنوبی افریقا کے 429 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز نے بھی ہمت نہیں ہاری حالانکہ دونوں اوپنرز پتھم نسانکا صفر اور کوشل پریرا 7 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کوشل مینڈس نے 42 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کیے، پھر چریتھ اسالانکا نے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔

اُس کے بعد کپتان داسن شناکا نے 68 رنز بناکر ٹیم کو وننگ ٹریک پرلانے کی کوشش کی، نویں نمبر پر آنے والے کاسن راجیتھا نے 33 رنز بنائے۔

یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 45 ویں اوورز میں 326 رنز بنا کر 102 رنز سے میچ ہار گئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کوئٹزے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو جانسن، کگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقی بیٹر ایڈن مرکرم کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ میں کئی ریکارڈ بنے

میچ میں دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکور 754 رن رہا، جنوبی افریقا نے 428 اور سری لنکا نے 326 رن بنائے، یہ کسی بھی ورلڈ کپ میچ کا سب سے بڑا میچ اسکور ہے، اس سے قبل 2019 میں آسٹریلیا اور بنگلادیش کے میچ میں 714 رن بنے تھے۔

پہلی بار کسی ورلڈ کپ میچ میں چوکوں اور چھکوں کی سنچری مکمل ہوئی، دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 31 چھکے اور 74 چوکے لگائے، میچ میں مجموعی طور پر 482 رن چوکوں اور چھکوں کی مدد سے بنائےگئے، یہ کسی بھی ورلڈ کپ میچ میں باؤنڈریوں سے اسکور ہونے والے سب سے زیادہ رن ہیں۔

میچ کا ٹاس

اس سے قبل سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے بولنگ کرنا چاہتے ہیں، انجریز سے ٹیم متاثر ہوئی لیکن جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ٹمبا بووما نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دے کر حریف کو پریشر میں لائیں۔

سری لنکا کا اسکواڈ

سری لنکن ٹیم میں کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا، متھیشا پتھیرانا اور ڈینوتھ ویلالگے شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کا اسکواڈ

جنوبی افریقی اسکواڈ میں کپتان ٹمبا بووما، کوئنٹن ڈی کاک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔

آج کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

india

cricket

ODI World Cup

world cup 2023

ICC ODI WORLD CUP 2023

dehli

south africa vs sri lanka