جنوبی افریقا نے سری لنکا کو ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف دے دیا
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو جیت کے لیے ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا 429 رنز کا ہدف دے دیا۔
نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا، پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز بنائے جو کہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔
اس سے قبل 2015 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹوں پر 417 رنز بنائے تھے۔
میچ میں جنوبی افریقا کا آغاز اچھا نہ رہا، 10 رنز کے اسکور پر کپتان ٹمبا بووما محض 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ کے لیے 204 رنز کی شراکت قائم کی۔
ڈی کاک 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ وین ڈیر ڈوسن 108 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
ایڈن مارکرم نے ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنائی، انہوں نے 49 گیندوں پر 3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔
ایڈن مارکرم 106 اور ہینرک کلاسن 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر 39 اور مارکو جینسن 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشانکا نے 2، کسون رجیتھا، متھیشا پتھیرانا اور دونیتھ ویلالاگا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں جنوبی افریقا نے نئی تاریخ رقم کردی، ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں 3 سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
سری لنکا کے خلاف کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور ایڈین مارکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔ تنیوں بیٹرز نے بالترتیب 100، 108 اور 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کرکٹ ورلڈ کپ میں 18 بار اننگز میں 2 سنچریاں بنائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں 3 سنچریاں بنی ہیں، 4 میں سے 3 مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔
میچ کا ٹاس
اس سے قبل سری لنکن ٹیم کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ رات میں اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے بولنگ کرنا چاہتے ہیں، انجریز سے ٹیم متاثر ہوئی لیکن جیت کے لیے پرعزم ہیں۔
اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ٹمبا بووما نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بڑا ہدف دے کر حریف کو پریشر میں لائیں۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکن ٹیم میں کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، کسن راجیتھا، دلشان مدوشنکا، متھیشا پتھیرانا اور ڈینوتھ ویلالگے شامل ہیں۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقی اسکواڈ میں کپتان ٹمبا بووما، کوئنٹن ڈی کاک، راسی وین ڈیر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، جیرالڈ کوٹزی، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
آج کھیلے گئے ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو باآسانی 6 وکٹ سے شکست دے دی۔
Comments are closed on this story.