Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کی پہلی خلاباز نمیرا کی خلا میں پہنچنے کے بعد زمین پر واپسی

نمیرا سلیم کا خلائی مشن تقریباً 15 منٹ پر محیط تھا
اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2023 10:43pm
نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچ کر پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فوٹو ــ فیس بک/نمیرا سلیم
نمیرا سلیم نے خلا میں پہنچ کر پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ فوٹو ــ فیس بک/نمیرا سلیم

پاکستان کی خاتون خلا باز نمیرا سلیم کی خلا میں پہنچنے کے بعد زمین پر واپسی ہوگئی۔ انھوں نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے خلا میں پہنچنے والی پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

نمیرا سلیم نے امریکا سے کمرشل اسپیس شپ ورجن گلیکٹک کے خلائی جہاز ’یونٹی‘ ذریعے خلا کا سفر کیا۔

ان کے ہمراہ پرواز میں امریکا اور برطانیہ کے دو خلا باز بھی موجود تھے۔ خلائی مشن میں عملے کے تین ارکان بھی شامل تھے۔

کمرشل پرواز نیو میکسیکو سے خلا کیلئے روانہ ہوئی تھی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یونٹی خلائی جہاز ایم ایس ایو ( حوا ) سے الگ ہونے کے بعد راکٹ موٹر کے ذریعے خلا میں گیا اور خلانوردوں نے آواز سے تین گنا تیزرفتار کے ساتھ سفر کیا اور زمین سے 87.4 کلومیٹر کے فاصلے کی زیادہ سے زیادہ اونچائی پر چند منٹ تک بے وزنی اور زمین کو خلا کی تاریکی سے دیکھنے کا مشاہدہ کیا۔

نمیرا سلیم اور دیگر افراد کا خلائی سفر 12:10 پر شروع ہوا اور یہ خلائی سفر 12:25 پر اس وقت ختم ہوگیا جب ’ یونٹی’ امریکی خلائی اسٹیشن پر اترا۔ اس طرح یہ خلائی مشن تقریبا 15 منٹ پر محیط تھا۔

نمیرا سلیم نےخلائی پرواز کا ٹکٹ 2006میں دو لاکھ ڈالرمیں خریدا تھا۔ نمیرا اس امریکی کمپنی کی خلائی سیاحت کیلئے ٹکٹ خریدنے والے 100 اولین افراد میں شامل ہیں۔

ورجن گیلکٹک نے جون 2023 کے آخر میں پہلی کمرشل پرواز خلا تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی تھی، مگر اس پرواز میں عام سیاح سوار نہیں تھے بلکہ اٹلی سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو خلا میں لے جایا گیا تھا۔

اگست میں اس کمپنی نے سیاحوں کیلئے پہلی خلائی پرواز کو خلا میں روانہ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں بھی ایک پرواز سیاحوں کو خلا میں لے کر گئی۔ یہ اس کمپنی کی مجموعی طور پر چوتھی کمرشل خلائی پرواز ہے۔

یاد رہے کہ نمیرا سلیم کو 2011 میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

اہم سنگ میل عبور کرنے پر امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے نمیرا سلیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ نمیرا سلیم خلائی سفر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

مسعود خان نے مزید کہا کہ نمیرا کی وجہ سے پاکستان کا قومی پرچم خلا میں لہرایا ہے۔ نمیرا سلیم نے اپنا اور پاکستانی خواتین کا مقام بلند کیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نمیرا سلیم 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی اور 10جنوری 2008 کو قطب جنوبی میں پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔

اس کے علاوہ نمیرا سلیم پاکستان کی پہلی خاتون بھی ہیں جنہیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

International Space Station

space

Namira Salim