سعودی عرب فیفا وڑلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی دوڑ میں شامل ہوگیا
سعودی عرب فیفا وڑلڈ کپ 2034 کی میزبانی کی دوڑ میں شامل ہوگیا، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب سال 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔
سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لئے اپنا نام باضابطہ طور پر پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، سعودی عرب کی افتتاحی بولی سے ملک میں عالمی سطح کے فٹ بال مقابلوں کی میزبانی کے بڑھتے ہوئے تجربے اور فیفا 2023 کلب ورلڈ کپ اور 2027 کے ایشین فٹ بال چیمپئن شپ میں دنیا بھر کے شائقین کی میزبانی کا تجربہ حاصل ہو گا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا کہ میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کو پھیلایا ہے۔
محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اورنمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مملکت نے بہت سے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں اسپورٹس شامل ہے۔
شہزادہ محمد کا کہنا تھا سعودی عرب اپنے شاندار ثقافتی ورثے، معاشی طاقت اور اپنے عوام کے عزائم کی بدولت بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے ایک معروف مرکز اور بین الاقوامی منزل کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2018 سے اسپورٹس پرخصوصی توجہ دی ہے، اب تک 50 سے زائد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے جن میں فٹبال، گالف، ڈیجیٹل اسپورٹس، ٹینس، گھڑ سواری و دیگر سپورٹس ایونٹ شامل ہیں جن کی عالمی سطح پر مملکت نے میزبانی کی۔
Comments are closed on this story.