Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی نے عثمان ڈار کا انٹرویو ’نئی بوتل میں پرانی شراب‘ قرار دے دیا

عثمان ڈار کے پارٹی اور سیاست کو خیر باد کہنے کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا رد عمل
شائع 04 اکتوبر 2023 11:48pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نجی ٹی وی چینل پر عثمان ڈار کا انٹرویو ”نئی بوتل میں پرانی شراب“ قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف اور سیاست کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ 9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت زمان پارک میں ہوئی، پی ٹی آئی کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔

جس کے بعد پی ٹی آئی نے عثمان ڈار کا انٹرویو ”نئی بوتل میں پرانی شراب“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 24 روز تک نامعلوم اغوا کاروں کی حراست میں گزارنے کے بعد عثمان ڈار کی ایک نجی ٹی وی چینل پر رونمائی بلاشبہ خود اغوا کاروں کو بے نقاب کرتی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عثمان ڈار کو 10 ستمبر کو کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا، عثمان ڈار کی جبری گمشدگی پر ان کی والدہ اور بھائی سمیت اہلِ خانہ کے متعدد بیانات اور پیغامات ریکارڈ پر موجود ہیں، پچھلے 5 ماہ کے دوران عثمان ڈار کی رہائش گاہ پر پولیس کے چھاپوں، ان کی والدہ اور دیگر خواتین اہلِ خانہ سے بدسلوکی اور ان کی فیکٹری اور رہائش گاہ پر پڑنے والے تالے پوری قوم دیکھ چکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس 24 روزہ جبری گمشدگی کے دوران جسمانی و ذہنی تشدد اور جبر کے آثاران کی کانپتی آواز، متذبذب باڈی لینگویج اور بے ربط خیالات سے واضح ہیں، 9 مئی کے 5 ماہ بعد 24 روزہ جبری گمشدگی کے بعد دیے گئے انٹرویو کی عوام کی نگاہ میں کوئی اہمیت ہے نہ ہی اس کی کوئی قانونی حیثیت۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ خدشہ ہے کہ اسی قسم کے ہتھکنڈے ہمارے دیگر اغواء کنندگان بشمول صداقت عباسی، فرخ حبیب اور شیخ رشید پر بھی آزمائے جائیں گے اور ایسے ہی مزید ڈرامے نشر کئے جائیں گے، ہمیں عثمان ڈار سے ہمدردی اور پارٹی کے لیے ان کی وابستگی کا احساس ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کی بے گناہی اور تحریک انصاف کو میسرعوامی تائید کی گواہی خود عثمان ڈار نے دی، ملک کو گھسے پٹے ڈراموں اور فلموں کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے 9 مئی کے واقعات کی عدالتی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے زور دیا کہ عوام کو ووٹ کا حق دینے کے لیے 90 روز کی دستوری مدت میں انتخاب کروائے جائیں۔

pti

Usman Dar

اسلام آباد

imran khan

PTI Reaction

imran khan arrested

MAY 9 RIOTS