نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو ورلڈکپ وارم اپ میچ میں شکست دے دی
آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا نے بھی پاکستان کو شکست دے دی، کینگروز نے گرین شرٹس کو 14 رنز سے ہرایا۔
بھارتی شہر حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 47.4 اوورز میں 337 رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپپنگ جوڑی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی، فخر زمان 22 اور امام الحق 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ عبداللہ شفیق 12 اور شاداب خان 9 رنز ہی بناسکے۔
پاکستان کی 83 کے مجموعی اسکور پر چار وکٹیں گر گئی تھیں جس کے بعد افتخار احمد اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دی، افتخار احمد 83 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ بابر اعظم 90 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
محمد نواز نے نصف سنچری اسکور کی، اس کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہیں بناسکا۔
آسٹریلیا کے مارنس لیبوشگن نے 3، پیٹ کمنز اور مچل مارش نے 2،2 جبکہ گلین میکس ویل اور سین ایبوٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 83 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم وارنز 48 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ مچل مارش 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 27، ایلکس کیری 11 جبکہ مارنس لیبوشین 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔
گلین میکسویل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 جبکہ جوش انگلس نے 30 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 جبکہ محمد وسیم جونئیر، شاداب خان، محمد نواز اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
فاسٹ بولر حارث رؤف سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 9 اوورز میں 97 رنز دیے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے تاکہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع فراہم کریں۔
کینگروز کے خلاف میچ شاداب خان کپتانی کے فرائض سونپے گئے تھے۔
ٹاس کے موقع پر کپتان شاداب خان نے کہا کہ کوشش ہوگی آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شاندار کم بیک کریں اور تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔
دوسرے وارم اپ میچ میں کپتان بابراعظم بیٹنگ کیلئے آئے تاہم فیلڈنگ کے لیے دستیاب نہیں ہوئے۔ اسی طرح محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا گیا۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
آسٹریلوی اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبوشین، الیکس کیری، گلین میکسویل، کیمرون گرین، جوش انگلس، مچل اسٹارک، شان ایبٹ، جوش ہیزل ووڈ، ایڈم زمپا، مارکس اسٹوئنس، ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستانی اسکواڈ میں کپتان، شاداب خان، عبداللہ شفیق، بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، محمد وسیم، جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Comments are closed on this story.