Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

طبیعات کا نوبل پرائز 2023 تین سائنسدانوں کے نام

تینوں سائنسدانوں کو یہ اعزاز الیکٹرانس پر مطالعہ کے لیے ملا
شائع 03 اکتوبر 2023 06:09pm

طب کے بعد طبیعیات شعبہ کے لیے بھی نوبل پرائز 2023 کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ طبیعیات (فزکس) کے لیے 2023 کا نوبل انعام مشترکہ طور پر پیرے آگسٹنی، فیرینس کراؤسز اور اینی ایل ہویلیر کو دیا گیا ہے۔ تینوں سائنسدانوں کو یہ اعزاز الیکٹرانس پر مطالعہ کے لیے ملا ہے۔

یہ ایوارڈ ان تجرباتی طریقوں کے لیے دیا گیا ہے جس میں کسی شے میں الیکٹران کی رفتار کے مطالعہ کے لیے روشنی کے ایٹوسیکنڈ پلس پیدا کیے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ اینی ایل ہویلیر طبیعیات کے اس شعبہ میں نوبل انعام جیتنے والی پانچویں خاتون بن گئی ہیں۔

اب تک طبیعیات کے شعبہ میں مجموعی طور پر 119 لوگوں کو اس انعام سے نوازا گیا ہے۔

گزشتہ سال طبیعیات کا نوبل انعام مشترکہ طور پر الین اسپیکٹ، جان ایف کلاؤسر اور اینٹن جلنگر کو دیا گیا تھا۔

الین اسپیکٹ فرانس کے سائنسدان ہیں، جبکہ جان ایف کلاؤسر امریکہ اور اینٹن جلنگر آسٹریا کے سائنسدان ہیں۔

ان سائنسدانوں کے تجربات نے کوانٹم انفارمیشن کی بنیاد پر نئی تکنیک کا راستہ صاف کیا تھا۔

بہرحال، نوبل پرائز 2023 کے اعلانات کا سلسلہ 2 اکتوبر سے شروع ہوا ہے اور پہلے دن فزیولوجی یا طب کے شعبہ میں کیٹالن کاریکو اور ڈرو ویسمین کو نوبل انعام دینے کا اعلان ہوا۔

انہیں نیوکلیوسائیڈ بیس ترامیم سے متعلق ان کی دریافتوں کے لیے یہ اعزاز دیا گیا۔

اس دریافت کی وجہ سے کورونا وائرس یعنی کووڈ-19 کے خلاف اثردار ایم آر این اے ٹیکوں کے ڈیولپمنٹ میں مدد ملی۔

Physics Nobel Prize 2023