Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

تھائی لینڈ: مال میں 14 سالہ بچے کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک 4 زخمی

پولیس نے بچے کو گرفتار کرلیا
شائع 03 اکتوبر 2023 05:28pm
اسکرین گریب: سوشل میڈیا
اسکرین گریب: سوشل میڈیا

تھائی لینڈ دارالحکومت بنکاک کے ایک شاپنگ سینٹر میں ہوئی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ہیں، پولیس نے فائرنگ کرنے والے 14 سالہ بچے کو گرفتار کرلیا ہے۔

میٹرو پولیٹن پولیس نے منگل کو اپنے فیس بک پیج پر جاری بیان میں کہا کہ سیام پیراگون مال میں ہونے والے واقعے کے حوالے سے ایک 14 سالہ مشتبہ بندوق بردار کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ایمرجنسی سروسز نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں فرش پر پڑے ہوئے ایک شخص کو پکڑ کر اسے ہتھکڑیاں لگائی جا رہی ہیں۔

 تصویر: دی نیشن تھائ لینڈ
تصویر: دی نیشن تھائ لینڈ

سوشل میڈیا پر پھیلی غیر تصدیق شدہ ویڈیوز میں فائرنگ کے دوران افراتفری کے مناظر دکھائے گئے، بھگدڑ میں بچے بھی شامل تھے، لوگ مال کے دروازوں سے باہر بھاگ رہے تھے۔

چینی سیاح لیو شیئنگ نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس نے لوگوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا، جو کہہ رہے تھے کہ کسی نے گولی چلائی ہے۔ اس نے بتایا کہ اس نے گولیوں اور الارم بجنے کی آواز سنی اور مال کی لائٹس بج گئیں۔

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم شریتھا تھاویسن نے شاپنگ سینٹر میں ہونے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا، جو بنکاک میں سب سے مشہور اور مقامی لوگوں اور سیاحوں میں مقبول ہے۔

تھائی لینڈ میں فائرنگ کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے، لیکن بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔

ایک سابق پولیس افسر نے گزشتہ سال ایک نرسری میں بندوق اور چاقو سے حملے کے دوران 22 بچوں کو ہلاک کر دیا تھا، جب کہ 2020 میں ایک فوجی نے شمال مشرقی تھائی شہر اور اس کے اطراف میں چار مقامات پر پھیلے ہوئے ہنگامے میں کم از کم 29 افراد کو گولی مار کر ہلاک اور 57 کو زخمی کر دیا تھا۔

thailand

shooting

Bangkok