Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کیا آپ اگلے مارشل لا کا دورازہ ہم سے کھلواناچاہتے ہیں، چیف جسٹس

نظرثانی میں اپیل کاحق ملنےسے آپ کوکیا تکلیف ہے، چیف جسٹس کا وکیل سے مکالمہ
اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2023 01:12pm

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ پارلیمان کچھ کرے تو سب کو حلف یاد آتا ہے، مارشل لا لگے تو حلف بھی بھول جاتے ہیں، کیا آپ اگلے مارشل لا کا دورازہ ہم سے کھلوانا چاہتے ہیں، نظرثانی میں اپیل کا حق ملنے سے آپ کوکیا تکلیف ہے۔

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران درخواستگزار مدثر حسن کے وکیل حسن عرفان سوال کیا گیا کہ، ’ صرف یہ بتا دیں کہ کن دفعات سےآپ متفق یا مخالف ہیں’۔ وکیل حسن عرفان نے جواب دیا کہ تمام عدالتی سوالات کے جواب آئین میں موجود ہیں، پارلیمان نے قانون سازی کی آڑ میں آئین میں ترمیم کر دی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ آپ مفاد عامہ کی بات کر رہے ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا انصاف تک رسائی کیلئے قانون سازی نہیں ہوسکتی، درخواست گزار اس کیس سے کیسے متاثرہ فریق ہے۔

وکیل نے جواب دیا کہ میرا مؤکل وکیل ہے اور نظام انصاف کی فراہمی کا اسٹیک ہولڈر ہے۔ جس پر جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ عوام کا انصاف تک رسائی کا بنیادی حق کیسے متاثر ہوا؟

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ انصاف تک رسائی کیلئے عدالت کو آزاد ہونا چاہیے، عدلیہ کی آزادی بنیادی حقوق سے جڑی ہے، پہلے بتائیں کہ ایکٹ سے بنیادی حق کیسے متاثر ہوتا ہے، درخواستوں کے قابل سماعت ہونے سے آگے نکل چکے ہیں، انصاف تک رسائی کیلئے بنیادی شرط آزاد عدلیہ ہے۔

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا اپیل کا حق نہ ہونا انصاف تک رسائی کے منافی نہیں۔ وکیل حسن عرفان نے مؤقف پیش کیا کہ قانون سازوں کے ذہن میں شاید یہ سوال کبھی آیا ہی نہیں تھا، پارلیمان سپریم ضرورہے لیکن آئین کے بھی تابع ہے، چیف جسٹس، وزیراعظم اور صدر نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حلف میں آئین کے ساتھ قانون کا بھی ذکر ہے، اسے مدنظر رکھیں، جب مارشل لاء لگتا ہے سب ہتھیار پھینک دیتے ہیں، مارشل لاء لگے تو حلف کو بھول جایا جاتا ہے، پارلیمان کچھ کرے تو سب کو حلف یاد آ جاتا ہے، یہاں مارشل لا نہیں ہے، ماضی میں وکلاء 184تین کے بے دریغ استعمال پر تنقید کرتے رہے۔

چہف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ، ’آپ کے بطور شہری اس ایکٹ سے کون سے حقوق متاثرہوئے، کیا آپ اگلے مارشل لا کا دورازہ ہم سے کھلوانا چاہتے ہیں، نظرثانی میں اپیل کا حق ملنے سے آپ کو کیا تکلیف ہے‘۔

Justice Qazi Faez Isa

Supreme Court Review of Judgements and Orders Act 2023

SUPREME COURT LIVE STREAM