Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

یوکرینی فوج نے ’غائب کرنے والی چادر‘ تیار کرلی

یہ چادر کس طرح کام کرتی ہے، جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
شائع 02 اکتوبر 2023 07:43pm

یوکرین نے روسی ڈرونز سے فوجیوں اور جنگی ساز و سامان کو چھپانے کے لیے ایک ”غائب کرنے والی چادر“ تیار کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ”آئی نیوز“ کے مطابق مارچ 2022 یوکرین کے شہر بوچا میں روسی افواج نے بے دردری سے سینکڑوں یوکرینی شہریوں اور جنگی قیدیوں کو قتل کر دیا تھا۔

جس کے بعد بوچا کے رہائشی ایک مادی سائنسدان نے ”غیر مرئی لباس“ تیار کرنے کا فیصلہ کیا جسے ”فینٹم سکن“ کا نام دیا گیا ہے۔

آئی نیوز کے مطابق، یہ ”چادر“ ایک سیاہ پلاسٹک مواد سے بنی ہے، جو کیمپنگ کے لیے استعمال ہونے والے ترپال جیسی محسوس ہوتی ہے۔

یہ چادر انسانوں یا فوجی سازوسامان سے خارج ہونے والی حرارت کو روک سکتی ہے، جو انہیں روسی ڈرونز میں استعمال ہونے والے انفراریڈ سینسر یا تھرمل سینسرز کے لیے پوشیدہ بنا دیتا ہے۔

اس منصوبے کی سربراہی کرنے والے سائنسدان نے اکیلے کام نہیں کیا بلکہ ”فینٹم سکن“ کو یوکرین کی ملٹری ٹیک کمپنی Spets Techno Expert (STE) نے تیار کیا ہے۔

ایس ٹی ای کے ایک ترجمان نے آئی نیوز سے گفتگو میں بتایا، ’ فینٹم سکن کو نہ صرف اپنے مطلوبہ مقصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے جیسے کہ فوجیوں کو پوشیدہ رکھنا، اور زخمی فوجیوں کو نائٹ ویژن کیمروں کی ’سب دیکھنے والی‘ آنکھ سے بچانے کے لیے ایک کور کے طور پر بھی اسے استعمال کیا گیا ہے۔’

مبینہ طور پر ”فینٹم سکن“ کو گزشتہ ماہ لندن میں ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ایکوپمنٹ انٹرنیشنل (DSEI) کے پروگرام میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

Russia Ukraine War

Invisibility Cloak

Phantom SKin