Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اداکار محب مرزا کو صنم سعید سے محبت کب ہوئی ؟

رواں برس دونوں نے اپنی شادی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا
شائع 01 اکتوبر 2023 01:19am

اداکار محب مرزا نے بتایا ہے کہ ان کے دل میں اداکارہ صنم سعید کیلئے کب جذبات پیدا ہوئے ۔

صنم سعید اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتیں اور نہ ہی اپنی ذاتی زندگی کی اپ ڈیٹس سوشل میڈیا پر پوسٹ نظر کرتی ہیں لیکن اس سال کے آغاز سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ دونوں نے خاموشی سے شادی کرلی ہے تاہم تابش ہاشمی کے پروگرام محب نے صرف اتنا بتایا تھا کہ ان کی شادی ہوگئی تاہم اپنی دلہن کا نام نہیں بتایا تھا۔

بعدازاں محب مرزا اور صنم سعید نے اداکار فہد مصطفیٰ کے پروگرام میں شرکت کی جہاں میزبان نے دونوں کی شادی کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب اپنے ہی شو ’دی نوک ناک شو‘ میں محب سے مہمان ندا یاسر نے پوچھا کہ میں آپ سے ایک مصالحے دار سوال پوچھوں گی کہ آپ صنم سعید سے کیسے ملے؟

جس پر محب مرزا نے جواب دیا کہ صنم سعید کے لیے جذبات اس وقت پیدا ہوئے جب ہم ایک ڈرامہ دیدن کی شوٹنگ کر رہے تھے، وہ لڑکی بالکل میرے سامنے تھی میں اسے صاف دیکھ سکتا تھا اس کا قد بھی اچھا ہے۔

یاد رہے کہ محب مرزا اور صنم سعید کے سیریل دیدن کی شوٹنگ خیبرپختونخوا میں کی گئی تھی جس میں دو پشتونوں کی پیچیدہ محبت کی کہانی پیش کی گئی تھی جن کا تعلق مختلف قبائل سے تھا۔ یہ ڈرامہ 2018 میں نشر کیا گیا تھا۔

محب مرزا نے اداکاری کا آغاز پی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ’زیب النساء‘سے کیا تھا اپنے کریئرمیں انہوں نے ”دیدان“، ”دام“، ”فراق،“ ”شہر زمان“، ”دشمن جان“، ”عشرت باجی،“ ”شب آرزو کا عالم“ اور ”نیلی“ جیسے ڈراموں میں اپنے کرداروں سے مزید مقبولیت حاصل کی۔

محب مرزا کی پہلی شادی اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ سے ہوئی تھی اور ان دونوں کی ایک بیٹی ہے تاہم دونوں نے خاموشی سے راستے جدا کر لیے تھے۔

Sanam Saeed

Mohib Mirza