Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایشین گیمز: قومی ہاکی ٹیم کو شکست، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

2-10 کی شکست پر شہباز سینئر کا صدر سمیت پوری فیڈریشن کو فارغ کرنے کا مطالبہ
شائع 30 ستمبر 2023 10:30pm
ایشین گیمز میں بھارتی ہاکی ٹیم  نے پاکستان کو دو گول کے مقابلے میں 10 گول سے ہرادیا۔ فائل فوٹو
ایشین گیمز میں بھارتی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو دو گول کے مقابلے میں 10 گول سے ہرادیا۔ فائل فوٹو

چین میں جاری ایشین گیمز میں بھارتی ہاکی ٹیم نے پاکستان کو دو گول کے مقابلے میں 10 گول سے ہرادیا۔ شکست کے بعد قومی ٹیم کیلئے آئندہ میچ میں جاپان سے میچ جیتنا ضروری ہوگیا۔ سابق کپتان شہباز سینئر نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ صدر سمیت پوری فیڈریشن کو فارغ کیا جائے۔

چینی شہر ہینگزو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں قومی ہاکی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ناقص کھیل پیش کیا۔

بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے ہیٹ ٹریک کرتے ہوئے چار گول کیے۔

انڈیا کے ورون کمار نے 2 جبکہ شمشیر، لالیت کمار، سومیتھ اور مندیپ سنگھ نے ایک، ایک گول کیا۔

پاکستان کی طرف سے رانا وحید اور صفیان خان ایک ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے باقی کوئی کھلاڑی کوئی گول نہ کرسکا۔

ایشین گیمز میں بھارت سے شکست کے بعد پاکستان اور جاپان کے درمیان 2 اکتوبر کو شیڈول میچ کوارٹر فائنل کی شکل اختیار کرگیا۔

قومی ٹیم اگر جاپان کے خلاف میچ برابر کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی تو سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرسکتی ہے دوسری طرف سیمی فائنل میں پہنچنے کےلیے جاپان کو پاکستان کے خلاف میچ جیتنا لازمی ہوگا۔

’صدر سمیت پوری ہاکی فیڈریشن کو فارغ کیا جائے‘

ایشین گیمز میں بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست پر سابق کپتان شہباز سینئر نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم نے بھارت کے خلاف تاریخ کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انھوں نے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ریکارڈ دس گول ہونا لمحہ فکر ہے، اب وقت آگیا ہے کہ صدر سمیت پوری فیڈریشن کو فارغ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف میں ایسے لوگوں کو لایا جائے جو ہاکی کے فروغ کے لئے کام کرسکیں۔

شہباز سینئر نے کہا کہ ٹیم کو ٹریننگ جس کوچ نے کروائی وہ ہماری نااہلی کی وجہ سے ساتھ نہیں جاسکے۔

Pakistan Hockey Team

19th asian games

Indian Hockey Team