Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

تمام دہشت گردوں کی نانی ایک اور سب کے پیچھے“را“ملوث ہے، نگراں وزیرداخلہ

دہشت گردوں کے خلاف جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا کریں گے، سرفراز بگٹی
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2023 06:57pm
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل
نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی۔ فوٹو — فائل

نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کےخلاف جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا کریں گے، ہمیں معلوم ہے یہ سب کون کررہا ہے کہاں سے ہو رہا ہے، سب کی نانی ایک اور سب کے پیچھے ”را“ ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ ایک دفعہ پھردہشت گردوں نے شہریوں کو ٹارگٹ کیا اور عید میلادالنبیﷺ کا جشن منانے والوں کو ہدف بنایا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اعلان کیا تھا دھماکے کے زخمیوں کا بہترین علاج ہوگا۔

نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست دہشت گردوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گی بلکہ ان کا قلع قمع کرنے کے لیے جتنا بڑا آپریشن کرنا پڑا وہ کرے گی، ہمیں معلوم ہے یہ سب کون کر رہا ہے کہاں سے ہو رہا ہے۔

سرفراز بگٹی نے مستونگ میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کی تعلیمات کی روشنی میں یہ فساد ہے جسے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا اور کسی کو بھی پاکستانیوں کا خون بہانے نہیں دیا جائے گا، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ان کی بلوں سے ڈھونڈیں گے، یہ فسادی ہیں، اسلام کے نام پر لوگوں کا خون بہا رہے ہیں، ہم ان کے آگے سرنڈر نہیں کریں گے بلکہ تمام ادارے مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کو پتہ ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کون کروا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست جب دہشت گردوں کو کمزور کرتی ہے تو پھر حکومتوں کی جانب سے نرمی کی پالیسی اختیار کی جاتی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں پہلے داعش اتنی آرگنائیزڈ نہیں تھی لیکن خواہ داعش ہو، ٹی ٹی پی ہو یا دوسرے دہشت گرد گروہ ہوں ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے انڈیا پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انڈین خفیہ ایجنسی را ان واقعات کے پیچھے ہے، اچھی طرح جانتے ہیں کہ دہشت گردوں کی ڈوریں کہاں سے ہلائی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد

Blast

Mastung

Sarfraz Bugti

Caretaker Interior Minister

india raw