Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہنگو: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں یکے بعد دیگرے دو خودکش دھماکے، 5 افراد شہید

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خود کش تھا
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2023 07:38pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے قریب واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکوں سے 5 افراد شہید جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔

پولیس اسٹیشن کے قریب واقع یہ قدرے چھوٹی مسجد ہے جس میں 70 سے 80 افراد کی گنجائش ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق نماز جمعہ کے دوران دوسرا خطبہ شروع ہوتے ہی زوردار دھماکا ہوا جس سے مسجد کا ایک حصہ اور چھت منہدم ہوگئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد کی لاشوں کو ملبے نکال لیا گیا جب کہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں جنہیں نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ڈسٹرکٹ اسپتال ہنگو میں ایمرجنسی نافذ بھی کردی گئی۔

فوٹو —اسکرین گریب
فوٹو —اسکرین گریب

ڈپٹی کمشنر ہنگو کے مطابق دوآبہ تھانے کی مسجد میں نماز کے دوران 2 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 3 افراد شہید اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق ہنگو پولیس کی بروقت کارروائی سے عوام بھاری نقصان سے محفوظ رہے، گاڑی میں سوار 2 خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے کے لئے پہنچے تھے۔

خودکش حملہ آؤر کی گاڑی فوٹو — اسکرین گریب
خودکش حملہ آؤر کی گاڑی فوٹو — اسکرین گریب

حکام نے بتایا کہ مسجد کے قریب پہنچتے ہی پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہوا جب کہ دوسرا مسجد میں داخل ہوا جس نے یکے بعد دیگرے دو دھماکے کیے۔

حملہ آور کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی ہوئے، فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، اگر بروقت حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو جانی نقصان کا زیادہ اندیشہ تھا۔

KPK

Blast

Hangu

KPK Police