Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ بھر میں جلوس کے روٹس کی سوئپنگ کی ہدایت

کراچی میں پولیس کے 4 ہزار 463 افسران و جوان سکیورٹی پر مامور ہیں، ترجمان پولیس
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2023 03:47pm
آئی جی سندھ پولیس رفعت مختار۔ فوٹو — فائل
آئی جی سندھ پولیس رفعت مختار۔ فوٹو — فائل

آئی جی سندھ پولیس رفعت مختار نے کراچی سمیت سندھ بھر میں جلوس کے روٹس کی سوئپنگ اور کلیئرنس کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجا نے کراچی سمیت سندھ بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جلوسوں اور ریلیوں کی فول پروف سکیورٹی بنانے کی ہدایت کردی۔

ایک بیان میں رفعت مختار نے کہا کہ کراچی میں مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ اور اس کے روٹس سمیت اجتماعات پر حفاطتی اقدامات کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ مرکزی جلوس کے روٹس ،محافل کے مقامات کی سوئپنگ اور کلیئرنس کے عمل کو بھی یقینی بنائیں۔

آئی سندھ نے کہا کہ صوبائی سطح پر داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی اور ناکہ بندی کو انتہائی ٹھوس اور کامیاب بنایا جائے۔

رفعت مختار نے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے برآمد ہونے والے چھوٹے بڑے تمام جلوسوں کی مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب ترجمان کراچی پولیس کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ اور اطراف سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کےمرکزی جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے 4 ہزار 463 افسران و جوان سکیورٹی پر مامور ہیں، جلوس کے انٹری پوائنٹس، گزر گاہ، اطراف، خالی پلاٹ اور بلند عمارتوں پر بھی پولیس تعینات ہیں۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق 109 پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کلیئرنس کے دستے، 164 افسران و اہلکار پائلیٹ اسکواڈ ڈیوٹی، جلوس کی گزرگاہوں پر 2 ہزار 562 اہلکار تعینات ہیں۔

اس کے علاوہ نشتر پارک کی سکیورٹی پر 504 اہلکار، 7 ہائی سکیورٹی زون انٹری پوائٹس پر 490 اہلکار اور مخصوص مقامات پر 360 اہلکار تعینات ہیں جب کہ جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف بلند عمارتوں پر 66 ماہر نشانہ باز ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ خصوصی دستہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال پر حرکت میں آئے گا، یہ دستہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

karachi

IG Sindh

Sindh Police

12 RABI UL AWAL 2023