ملک بھر میں آج عید میلادالنبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
ملک بھر میں آج عید میلادالنبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا دن پورے مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا گیا، پاکستان کے شہر شہر، گلی گلی کو سبز قمقوں سے سجا گیا اور کئی عمارتوں پر چراغاں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کا دن دنیا بھر میں جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے، پاکستان میں بھی لوگ یہ دن منانے کے لیے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔
عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد، گھروں، دفاتر، محلوں، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام و میلاد کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔
جمعہ کو عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوا۔ جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل منعقد کی گئیں۔
ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی کے کئی علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جو مرکزی جلوس کا حصہ بنے۔
کراچی میں مرکزی جلوس عید میلاد النبی جمعہ 3 بجے دوپہر بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوا۔ مرکزی جلسہ میلاد 5 بجے شام نشتر پارک منعقد ہوا جبکہ شرکا نے نماز عصر، مغرب نشتر پارک میں ادا کی۔
جلوس اور جلسہ کے انتظامات کیلیے جماعت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضاکار اسکاؤٹس انجام دیے۔
اس موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کرتی رہیں۔
ماہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکای اور نجی عمارتوں، گلیوں، بازاروں، گھروں اور مساجد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ ربیع الاول کے آغاز سے ہی کراچی کے کئی علاقے برقی قمقموں سے جگمگا اٹھے۔
مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ جشن ولادت رسولﷺ کی مناسبت سے شہر میں مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جلوس کی گزر گاہوں پر پولیس، رینجرز کے مستعد اہلکار تعینات رہے۔
توپوں کی سلامی
وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، پاک فوج کے چاق و چوبند جوانوں کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ملک میں امن، سلامتی اور استحکام کی دعائیں مانگی گئیں۔
صدر عارف علوی کا پیغام
جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ عیدمیلادالنبیﷺ پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، حضرت محمدﷺ کی ولادت تمام جہانوں کے لئے عظیم اور مبارک نعمت ہے، آپ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی جب کہ انسانیت کے لئے رہنمائی کا لازوال ذریعہ ہیں۔
نگراں وزیراعظم کا پیغام
دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نبی اکرمﷺکی ولادت باسعادت پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت ہر انسان کے لئے قابل تقلید ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ خوش قسمتی ہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں رسول اللہﷺکاامتی بنایا، نبی اکرمﷺ کی زندگی ہمدردی، رواداری اور محبت کی مثال ہے۔
12 ربیع الاؤل کے جلوس اور کراچی کا ٹریفک پلان
دعوت اسلامی کے تحت عید میلاد النبیﷺ کا جلوس ڈھائی بجے کھارادر سے برآمد ہوگا۔ جلوس کھارادر سے ایم اے جناح روڈ، مسجد گلزار حبیبب تک جائے گا۔
مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوسرا جلوس ڈھائی بجے میمن مسجد کھارا در سے برآمد ہوگا۔ میمن مسجد سے نکلنے والا جلوس مختلف راستوں سے ہوتا آرام باغ جائے گا۔
جماعت اہل سنت کا جلوس تین بجے میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا نشتر روڈ پر اختتام پذیر ہو گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کراچی کا پہلا جلوس نکلتے ہی ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا جائے گا، جلوس کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی گلیاں اور سڑکیں بھی بند رہیں گی، عوام پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستے اختیار کریں۔
راولپنڈی میں 12 ربیع الاول کو کونسی سڑکیں بند رہیں گی، ٹریفک پلان جاری
جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ نے سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کردیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں 2 مرکزی جلوسوں کیلئے ٹریفک پولیس کے 455 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔
حکام کے مطابق مرکزی جلوس میں 3 ہزار سے زائد افسران ڈیوٹی کریں گے، جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹ لگا دیے گئے ہیں، شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
جشن عین میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے چھتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہوں گے، جلوس کے روٹ پر گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.