Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں پی ٹی آئی کا انصاف ہاؤس کھول دیا گیا

عدالت کی وکلاء کو انصاف ہاؤس میں داخلے کی اجازت
اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2023 08:23pm

کراچی میں عدالت کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر (انصاف ہاؤس) کو کھول دیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیس اس بات کو یقینی بنائے کہ انصاف ہاوس میں داخلے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

پی ٹی آئی کے وکلاء کی پولیس کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت پرعدالت نے حکم دیا کہ پولیس اس بات کو یقینی بنائے کہ انصاف ہاوس میں داخلے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔

عدالت نے وکلاء کو انصاف ہاؤس میں داخلے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنائے، ایس ایچ او ٹیپو سلطان درخواست گزار سمیت مخصوص سیاسی جماعت سے وابستگی کی بنیاد پرکسی کو ہراساں نہ کرے، آئین کے تحت شہریوں کے حقوق میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ انصاف ہاؤس میں داخلے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں، دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث 2 سے زائد شہریوں کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی تھی، درخواست گزار وکلاء اکھٹے جمع ہوئے تھے جس پر وکلاء کو روکا گیا۔

خیال رہے کہ رواں برس 9 مئی واقعات کے بعد کراچی میں پی ٹی آئی کا مرکزی دفتر انصاف ہاؤس بند کردیا گیا تھا۔

تحریک انصاف کا سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان

دوسری جانب 9 مئی کے بعد پہلی بار کراچی کےانصاف ہاؤس کراچی کے تالے کھل گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

انصاف ہاؤس پر پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وکلاء رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

انصاف لائرز فورم کے رہنما ظہور محسود اور دیگرنے کہا کہ عدالت کے شکر گزار ہیں جس کے حکم پر انصاف ہاؤس کھل گیا ہے اب پی ٹی آئی کراچی کی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔

pti

karachi

Court Order

Pakistan Tehreek Insaf

insaf house