Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آصف زرداری اور گیلانی کو احتساب عدالت نے طلب کرلیا

دونوں کو 24 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں پیشی کے لیے نوٹس جاری
اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2023 05:36pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

نیب ریفرنسز بحال ہونے کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نیب ترمیمی ایکٹ کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنسز کی واپس منتقلی کا عمل جاری ہے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر نیب ریفرنسز بحال ہونے کے بعد آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اور توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس ریفرنسز اور توشہ خانہ کیس کا ریکارڈ احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرایا گیا۔

جس کے بعد احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، توشہ خانہ کیس میں طلب کرلیا۔

احتساب عدالت نبمر 3 نے دونوں ملزمان کو 24 اکتوبر کے لیے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، ایم کیوایم رہنما مصطفی کمال و دیگر کے خلاف نیب ریفرنس کراچی کی احتساب عدالت میں سماعت کے لئے دوبارہ مقرر کیے گئے ہیں۔

سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دی تھیں جس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 6 سابق وزرائے اعظم کے خلاف نیب کیسز دوبارہ بحال ہوئے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں سیاستدانوں کے تمام مقدمات بحال کرتے ہوئے تمام کیسز نیب عدالتوں اور احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

عدالت عظمیٰ کی جانب سے نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد بہت سے سیاستدانوں کے خلاف بند ہونے والے مقدمات دوبارہ بحال ہو گئے جب کہ نیب نے کئی کیسز کا ریکارڈ بھی احتساب عدالتوں میں جمع کروا دیا ہے۔

accountability court

Asif Ali Zardari

Yousuf Raza Gilani

tosha khana case

NAB Amendments

Pakistan People's Party (PPP)