Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

5 ماہ سے جاری ہالی ووڈ رائٹرز کی ہڑتال ختم

ہالی ووڈ اسٹوڈیوز اور اسکرین رائٹرز کے درمیان معاہدہ طے ہوگیا
شائع 27 ستمبر 2023 08:42pm

ہالی ووڈ کے اسکرین رائٹرز کا موشن پکچرز اور ٹی وی پروڈیوسرز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد رائٹرز گلڈ آف امریکہ نے لگ بھگ پانچ ماہ سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تقریباً پانچ ماہ سے جاری SAG-AFTRA ہالی ووڈ کی ہڑتال بالآخر ختم ہو گئی۔ اسکرین رائٹرز نے جشن منایا جب ان کی یونین نے اسٹوڈیو کے ایگزیکٹوز کے ساتھ ایک معاہدہ کیا جس کے بعد اب ہڑتال ختم کردی گئی ہے۔

رائٹرز گلڈ آف امریکہ کی مشرقی اور مغربی شاخوں کے گورننگ بورڈز اور ان کی مشترکہ مذاکراتی کمیٹی سب نے اس معاہدے کو قبول کرنے کے حق میں ووٹ دیا، اور بعد میں اعلان کیا کہ ہڑتال ختم ہو جائے گی اور مصنفین بدھ کی صبح 12:01 بجے سے کام کرنے کے لیے آزاد ہوں گے۔

دونوں پارٹیوں کے درمیان طے پانے والے معاملات کے تحت اسٹوڈیوز اور رائٹرز گلڈ کے منتخب ممبران سال میں دو بار آرٹیفیشل انٹیلی جینس کو فلم میں استعمال کرنے کے حوالے سے ملاقات بھی کریں گے۔

رائٹرز گلڈ نے ممبران کو ایک ای میل میں بتایا کہ مصنفین کو ابھی بھی معاہدے کی توثیق کے لیے ووٹ دینا ہے، لیکن ہڑتال ختم کرنے سے وہ اس عمل کے دوران کام کر سکیں گے۔

رائٹرز گلڈ کی کمیٹی کے ممبر ایڈم کونوویر نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کن معاملات میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پراجیکٹ کی کامیابی کی صورت میں رائٹرز کو بونس ملے گا، اے آئی کے استعمال کو کم کیا جائے گا اور سب سے اہم یہ کہ ایک ٹی وی شو کے لیے کم سے کم اسٹاف کی تعداد بڑھائی جائے گی جس کا فیصلہ اس ٹی وی شو کی اقساط کی تعدادکو دیکھ کر کیا جائے گا۔

یاد رہے رواں برس سال مئی سے امریکی فلم اور ٹیلی ویژن کے اسکرین رائٹرز کی یونین نے کارکنوں کے معاوضوں میں اضافے اور پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے استعمال سے درپیش مسائل کے باعث اپنا کام بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے بڑے بجٹ سے بننے والی فلمیں اور ٹی وی شوز متاثر ہوئے تھے۔

hollywood

screenwriters