Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

لکی مروت میں دہشت گردوں کے جیل، تھانہ اور چوکی پر حملے

کسی بھی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پولیس حکام
شائع 27 ستمبر 2023 09:54am

نامعلوم دہشتگردوں نے پے در پے تین حملے کئے جس میں تھانہ لکی مروت، سٹی پولیس چوکی اور سب جیل لکی مروت کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

لکی مروت میں گزشتہ شب تھانہ لکی مروت، چوکی لکی سٹی اور سب جیل لکی مروت پر نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کردیا، حملے میں پولیس اور مسلح دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم کسی بھی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پہلا حملہ سٹی پولیس چوکی پر کیا گیا۔ جس میں ہینڈ گرنیڈ کا استعمال کیا گیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔

دوسرا حملہ اسی وقت تھانہ لکی مروت پر کیا گیا، جس میں بھاری ہتھیار بھی استعمال کئے گئے، تاہم پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ پر نامعلوم افراد فرار ہوگئے۔

دہشت گردوں نے تیسرا حملہ سب جیل لکی مروت پر کیا، تینوں حملوں میں نقصان کی اطلاع نہیں، حملے کے بعد نامعلوم دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں کو تھرمل کیمرہ کے ذریعے موجودگی کا پتہ چلا، جن کی فائرنگ کا پولیس نے بھاری ہتھیاروں سے بھرپور جواب دیا جس کے باعث دہشتگرد بھاگنے پر مجبورہوگئے۔ جب کہ حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، اور کسی کو بھی جائے وقوع پر جانے کی اجازت نہیں، جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کیا جاچکا ہے۔

kp police

KPK Police