عراق: شادی کی تقریب میں آتشزدگی سے 100 ہلاک، 150 جھلس کر زخمی
شمالی عراق میں شادی کی ایک تقریب کے دوران آتشزدگی سے کم از کم 100 افراد ہلاک اور 150زخمی ہو گئے۔
شادی میں آتشزدگی کاواقعہ منگل کی شام عراق کے شمالی صوبے نینویٰ کے ضلع الحمدانیہ میں پیش آیا۔
تاحال آگ لگنے کی وجوہات واضح نہیں تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ آتشبازی کے بعد بھڑکی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ عراق کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً 10:45 پر لگی جب شادی کے شرکاء جشن منا ریے تھے۔
عراقی نیوزایجنسی نینا کی جانب سے جاری کردہ تصویرمیں درجنوں فائر فائٹرز کو آگ بجھانے کی کوششیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
آگ کے نتیجے میں شادی ہال بھی جل کر خاکسترہوگیا، عمارت میں لگے لکڑی کے پینلز نے آگ کو مزید بھڑکایا جس سے ہال کی چھت کے کچھ حصے بھی نیچے گرگئے۔
عراقی سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، ’ہال کے کچھ حصے گرجانے کی وجہ انتہائی آتش گیر، کم قیمت اور غیرمعیاری تعمیراتی مواد کااستعمال تھا‘۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی جانب سے ایک ویڈیو میں فائر فائٹرزکو بدھ کی صبح زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں ملبے پر موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
حادثے میں زندہ بچ جانے والے عماد یوحنا نے روئٹرزکو بتایا، ’ہم نے ہال سے نکلتے ہوئے آگ کو پھیلتے دیکھا تھا، کچھ لوگ باہرنکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن کچھ پھنس گئے۔ باہر نکلنے والوں کی حالت بھی غیرتھی۔
عراقی وزیر اعظم کے دفتر نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے حکام کو متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاقہ گورنرنے آئی این اے کو بتایا کہ زخمیوں کومختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، فی الحال ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد حتمی طور پر نہیں بتائی جاسکتی کیونکہ اس میں اضافے کا خدشہ ہے۔
Comments are closed on this story.