Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مجھے غیب کا علم نہیں کہ کس کے ساتھ یا بغیر الیکشن ہوں گے، نگراں وزیراعظم

چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ قانون کرے گا، نگراں وزیراعظم
شائع 26 ستمبر 2023 11:24pm
اسکرین گریب: پی ٹی وی
اسکرین گریب: پی ٹی وی

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی واپسی پر قانون کے مطابق عمل ہوگا، نواز شریف کی واپسی کے بہت سے قانونی پہلو ہیں، تمام اقدامات قانون کے مطابق کئے جائیں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم کسی سیاسی لیڈر کو ٹارگٹ کرنا نہیں چاہتے اور نہ ہی یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ یا خلاف ہیں، نگراں حکومت اپنا کام آئین و قانون کے دائرے میں کرے گی۔

انوارالحق نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف خصوصی قوانین بنائے گئے، بھارت میں ہندوتوا کے تحت اقلیتوں پر زمین تنگ کی جارہی ہے، بھارت خطےمیں دہائیوں سے دہشت گردی کے فروغ کا باعث رہا، بھارتی ریاستی دہشت گردی سے پاکستان متاثر ہوا، ہندوتوا سوچ کے خلاف اب مغرب کو جاگ جانا چاہئے، ہندوتوا سوچ خطے سے نکل کر عالمی سطح پرعیاں ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں بھی بھارت ملوث ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن جلد انتخابی شیڈول کا اعلان کردے گا، فوج کی نگرانی میں انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی نگرانی کیلئے عالمی مبصرین موجود ہوں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ قانون کرے گا، مجھے غیب کا علم نہیں کہ کس کےساتھ یا کس کے بغیر الیکشن ہوں گے، جو الیکشن لڑنے کا اہل ہوگا وہ الیکشن لڑے گا، الیکشن میں حصہ لینا انتظامی نہیں قانونی معاملہ ہے۔

Caretaker Prime Minister Anwaar ul Haq Kakar

Minus Imran Khan