Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت میں شہری چوکس اور ہوشیار رہیں، کینیڈین حکومت

کینیڈا نے بھارت میں اپنے شہریوں کیلیے نئی سفری ہدایت جاری کردیں
شائع 26 ستمبر 2023 06:50pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

کینیڈا نے ہندوستان میں اپنے شہریوں کے لیے ایک نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین شہری حالیہ پیش رفت کے تناظر میں ”چوکس رہیں اور احتیاط برتیں“۔

کینیڈین حکومت کی ویب سائٹ پر پیر کو شائع ہونے والی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر کینیڈا کے خلاف احتجاج اور کچھ منفی جذبات کا اظہار کیا گیا ہے‘۔

کینیڈا کی یہ ایڈوائزری، کینیڈا میں رہنے والے ہندوستانیوں اور طلباء کے لیے جاری بھارتی ایڈوائزری کے بعد جاری کی گئی ہے۔

بھارت نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں ویزا سروسز کو بھی روک دیا تھا۔

ہندوستان جانے والوں کے لیے کینیڈا کا سیفٹی الرٹ

کینیڈین حکومت نے پیر کو ایک ریجنل ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’حفاظت اور سلامتی کے حوالے سے کچھ خدشات ہیں یا صورت حال تیزی سے بدل سکتی ہے۔ ہر وقت بہت محتاط رہیں، مقامی خبروں پر نظر رکھیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں‘۔

مزید پڑھیں: بھارت کو نئی مجوزہ مسلم ریاست ’اردوستان‘ کا ڈر

کینیڈین حکومت نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر کرنے سے بھی روک دیا ہے اور کہا ہے کہ ’اگر آپ وہاں پہلے سے موجود ہیں، تو آپ کو ملک چھوڑنے کے بارے میں سوچنا چاہیے‘۔

علاقائی خطرے کے تحت، کینیڈا کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردی اور شورش کے خطرے کی وجہ سے اِن ریاستوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں: آسام، منی پور۔ غیر متوقع سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے تمام سفر سے گریز کریں۔ جہاں دہشت گردی، عسکریت پسندی، شہری بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے‘۔

ایڈوائزری میں شہریوں سے مزید کہا گیا ہے کہ ’سیکیورٹی کی غیر متوقع صورتحال اور بارودی سرنگوں کی موجودگی اور غیر پھٹنے والے ہتھیاروں کی وجہ سے‘ وہ گجرات، پنجاب اور راجستھان میں پاکستان کے ساتھ سرحد کے 10 کلومیٹر کے اندر علاقوں میں ہر طرح کے سفر سے گریز کریں۔

تاہم، ’یہ ایڈوائزری واہگہ بارڈر کراسنگ کے علاوہ‘ ہے۔

canada

travel advisory

India Canada Conflict