Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف کی معاونت سے کیا اہداف حاصل ہوسکتے ہیں، وزارتوں کو اقتصادی بحالی منصوبہ بنانے کی ہدایت

غیرملکی کرنسیوں کاروبار میں ملوث بینکوں کو چیک کریں، اسٹیٹ بینک کو ہدایت
شائع 24 ستمبر 2023 12:15pm
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں کو معاشی بحالی کا ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کا ٹاسک دیا، آرمی چیف نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

بزنس ریکارڈرکی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے طویل مدتی اقدامات کی بنیاد رکھتے ہوئے چند مہینوں میں حاصل کیے جانے والے اہداف پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ذرائع نے کہا کہ آرمی چیف نے ایگزیکٹو کمیٹی سے جرات مندانہ منصوبے بنانے کے لیے کہا ہے، جبکہ ان کے نفاذ میں پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لیٹرز آف کریڈٹ اورغیرملکی کرنسیوں کی قیاس آرائیوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث بینکوں کو چیک کریں۔

گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری کامرس اور سیکریٹری خزانہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مالیاتی اثرات کی تشخیص کے ساتھ ایک جامع منصوبہ تیار کریں، جس میں صنعت سے لیکویڈیٹی کی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات شامل ہوں۔

فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایکشن پلان میں تیزی لاتے ہوئے دانشمندانہ نظم و نسق اور عوامی مالیات کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ پیش رفت میں رکاوٹوں کو تجاویز کے ساتھ آئندہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شیئر کیا جائے گا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پیشرفت سے متعلق پیش آنے والی رکاوٹ کو شیئر کریں۔

نگران وزیر خزانہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے رقوم کی واپسی، سرمایہ کاری اور کاروباری برادری کو واپسی سے متعلق اٹھائے گئے مثبت اقدامات کو اجاگر کرنے کے لیے ایک میڈیا پلان لے کر آئیں گے۔

نجکاری کی وزارت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نجکاری کے منصوبوں کے لیے لین دین کو حتمی شکل دینے کی کٹ آف تاریخیں فراہم کرے اور تیسرے فریق کی درجہ بندی بھی G2G ٹرانزیکشنز کی جانچ کے لیے کی جائے۔

ذرائع نے کہا کہ خزانہ آمدنی، اقتصادی امور، نجکاری، تجارت، صنعتیں اور پیداواری طاقت، پیٹرولیم انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹیلی کمیونیکیشن، خارجہ امور، اندرونی نارکوٹکس کنٹرول، سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی، آبی وسائل اور سائنس اور ٹیکنالوجی نے اپنے ابتدائی منصوبوں کو ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ شیئر کیا۔

COAS

General Syed Asim Munir