بہاولپور : سرکاری اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے زچہ و بچہ جاں بحق
وکٹوریہ اسپتال میں عملے نے دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں پٹیاں چھوڑ دیں، جب کہ یزمان ٹی ایچ کیو میں مبینہ غفلت سے زچہ بچہ جاں بحق ہوگئے۔
بہاولپورکےسرکاری اسپتالوں میں عملے کی غفلت کے واقعات عام ہوگئے ہیں، ایک واقعے میں زچہ و بچہ جاں بحق جب کہ دوسرے واقعے میں دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں پٹیاں رہ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
وکٹوریہ اسپتال میں متاثرہ خاتون کے ورثا کا کہنا ہے کہ ثمینہ نامی خاتون گائنی وارڈ میں ڈیلیوری کیس کے لیے داخل تھی اور 19ستمبرکو آپریشن کے ذریعے اس کی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
ورثا کے مطابق کچھ دن بعد ثمینہ نے پیٹ میں درد کی شکایت کی، جس پر اس کا الٹر ساؤنڈ کروایا تو اسپتال عملے کی غفلت کا پول کھل گیا، اور انکشاف ہوا کہ دوران آپریشن عملہ اس کے پیٹ میں پٹیاں بھول گیا۔
دوسری جانب یزمان ٹی ایچ کیو اسپتال میں عملے کی مبینہ غفلت سے زچہ بچہ جاں بحق ہوگئے۔
متوفیہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ خاتون نسرین کو ڈیلیوری کیلئے اسپتال لایا گیا تھا، لیکن عملے نے جان بوجھ کر تاخیرکی، جس کی وجہ سے ماں اور بچہ جاں بحق ہوگئے۔
خاتون کے لواحقین نے اسپتال انتظامیہ سے شکایت کی تو شور و واویلے پر پولیس طلب کرلی گئی۔
Comments are closed on this story.