Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ملکہ رانیہ نے شادی سے پہلے بہو رجوہ کو کون سے مشورے دیے

اردن کے ولی عہد اور رجوہ کی شادی جون 2023 میں ہوئی تھی
شائع 23 ستمبر 2023 11:14am
تصویر: ایکس
تصویر: ایکس

زمانہ قدیم سے ’ساس بہو‘ کا رشتہ تعلقات میں اونچ نیچ کی وجہ سے بدنام رہا ہے، لیکن یہ بات ہر جگہ فٹ نہیں بیٹھتی۔

اردن کی ملکہ رانیہ نے ولی عہد کی اہلیہ شہزادی رجوہ آل السیف کو شادی سے پہلے ڈرانے دھمکانے کے بجائے ازدواجی زندگی کے سفر کو خوبصورتی سے طے کرنے کیلئے چند اہم مشورے دیے۔

العربیہ کے مطابق اردن کی ملکہ نے این بی سی کے معروف پروگرام ’ٹوڈے شو‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ منگنی کے اعلان سے قبل رجوہ آل السیف کو انہوں نے کئی اہم مشورے دیے تھے۔

انہوں نے اپنی بہو کو سب سے پہلے یہ مشورہ دیا کہ ’کہیں بھی کسی کو پسند کرنے والے سو فیصد نہیں ہوتے۔ ہمیشہ زندگی میں ایسے لوگ ملیں گے جو آپ سے متفق نہیں ہوں گے‘۔

مزید پڑھیں:

اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ کی شادی، ویڈیو اور تصاویر وائرل

وزیر خارجہ شاہی خاندان کی دعوت پر اردن ولی عہد کی شادی میں شرکت کریں گے

اُردنی ولی عہد کی شادی کب ہوگی اور ان کی اہلیہ کون ہیں؟

ملکہ رانیہ نے رجوہ آل السیف کو اپنی ذاتی زندگی کو پُرسکون بنانے کیلئے ایک مشورہ یہ بھی دیا کہ ’تبصرے پڑھنے سے گریز کرنا کیونکہ مسلسل تبصرے دیکھنے پر تم اپنے بارے میں شک و شبہے میں پڑ جاؤ گی۔ ہمیشہ کچھ نہ کچھ منفی ہوتا ہے۔ منفی پہلو کا تعلق آپ کی اپنی ذات سے نہیں بلکہ ناپسند کرنے والے لوگوں سے ہوتا ہے۔‘

رانیہ عبداللہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی ہونے والی بہو کو ہمیشہ اپنے مقاصد پر توجہ مرکوزرکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’ہمیشہ اس بات پر توجہ رکھنا کہ خود کیا کرنا چاہتی ہو۔ اس کے بر خلاف کام کرنے سے خود اعتمادی ٹوٹے گی۔ کبھی ایسا لگے گا کہ یہ اثرانداز نہیں ہو گا لیکن ایسا نہیں ہوتا‘۔

رانیہ عبداللہ نے رجوہ کو ٹیکنالوجی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے صحت مند عادتیں اپنانا ہوں گی۔ ہم اپنے بچوں کو یہی سکھانے کی کوشش کریں گے‘

امریکی اناؤنسر نے اسی شو کے دوران ایک ویڈیو کلپ بھی چلایا جس میں چار ماہ کے شہزادہ ہاشم بن عبداللہ نے سی این این کے مذکورہ پروگرام میں ملکہ رانیہ کے ساتھ شرکت کی تھی۔

ملکہ رانیہ ویڈیو کلپ دیکھ کر خاصا جذباتی ہوئیں اور ماضی کی ان حسین یادوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’وقت دیکھیں کتنی تیزی سے گزرتا ہے۔ میں سمجھتی ہوں کہ والدین کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری یہ ہے کہ بچوں کی دیکھ بھال اس وقت تک کریں جب تک کہ وہ بڑے نہ ہو جائیں اور دنیا کے سامنے آنے کے قابل نہ بن جائیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ کوئی آسان کام ہے، نہیں آسان کام نہیں‘۔

ملکہ رانیہ نے تیزی سے چلتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’تین ماہ کے دوران کافی کچھ تبدیل ہو گیا۔ میرا بیٹا اور بیٹی شادی کے بعد زندگی کے عملی میدان میں آ گئے ہیں‘۔

اپنی بیٹی ایمان اور اپنے درمیان اس محبت بھرے تعلق کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’بیٹی ایمان کے ساتھ جذباتی تعلق ہے۔ اس کی شادی ہمارے خاندان کے لیے پہلا تجربہ تھالیکن ضروری نہیں تمام تر تیاری کے باوجود ضروری نہیں کہ آپ اس لمحے کے لیے پوری طرح سے تیار بھی ہوں جس کے آپ منتظر ہوتے ہیں‘۔

ملکہ رانیہ کے مطابق وہ اپنی بیٹی کو شادی کے کپڑوں میں دلہن بنے دیکھنا چاہتی تھیں۔ بیٹی کی شادی نے ملکہ کو خوشی تو دی، لیکن بیٹی کی رخصتی پر وہ کافی آبدیدہ ہوگئی تھیں۔

موبائل فون کا زیادہ استعمال کرنے والے بچوں سے پریشان ماؤں کیلئے انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ بچوں کو موبائل کے استعمال سے مائیں کنٹرول نہیں کر سکتیں۔ ہاں اس کا استعمال منظم کر سکتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ جون 2023 میں زہران پیلس میں رجوہ اور ملکہ رانیہ کے سب سے بڑے بیٹے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

ولی عہد حسین نے اپنی شادی سے قبل ایک فورم میں بتایا تھا کہ وہ رجوہ سے اسکول کے ایک پرانے دوست کے ذریعے ملے تھے۔

اس جوڑے نے اگست 2022 میں اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی۔

Jordan

Daughter in law

Royal Marriage

Pre wedding Advices

Rajwa