Aaj News

ہفتہ, جنوری 11, 2025  
10 Rajab 1446  

سرکاری گاڑیوں کا غیر ضروری استعمال روکنے کیلئے گلگت بلتستان حکومت کا اہم فیصلہ

گاڑی پر حکومتی لوگو اور ”عوامی فنڈز سے خریدی گئی“ واضح طور پرلکھنے کی ہدایت
شائع 21 ستمبر 2023 06:32pm

سرکاری گاڑیوں کا غیر ضروری استعمال روکنے کے لیے حکومت گلگت بلتستان نے اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق تمام محکمہ جات کی گاڑیوں پر آفیشل لوگو پرنٹ کیا جائے گا تاکہ گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کو محدود کیا جا سکے۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی کی جانب سے جاری کیے گئے ںوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’شفافیت، احتساب اور عوامی فنڈز کے ذمہ دارانہ استعمال کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کے تحت ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چھوڑ کر گلگت بلتستان کے اندر سرکاری گاڑیوں کے استعمال کے حوالے سے ایک ہدایت جاری کر رہے ہیں‘۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ’فیصلہ کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے اندر مختلف سرکاری محکموں کے زیر استعمال تمام سرکاری گاڑیوں کے بونٹ اور اطراف کے دروازوں پر گلگت بلتستان حکومت کا لوگو نمایاں طور پر ظاہر ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ، ہر گاڑی پر ”عوامی فنڈز سے خریدی گئی“ واضح طور پر لکھا ہونا چاہیے‘۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ’پینٹ کیے جانے والے لوگو کی تفصیلات اور سائز کے حوالے سے جلد ہی تمام متعلقہ محکموں کو مطلع کر دیا جائے گا۔ تمام متعلقہ محکموں سے درخواست کی جاتی ہے کہ خط موصول ہونے کے ایک ہفتے کے اندر اس ہدایت کی تعمیل کو یقینی بنائیں، ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں گاڑی واپس لے لی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی کی جائے گی‘۔

گلگت بلتستان حکومت کے اس اقدام کا مقصد غیر سرکاری کاموں کے لیے سرکاری گاڑیوں کے غیر مجاز ذاتی استعمال کو روکنا، فیملی والوں کی طرف سے سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی، گھومنے پھرنے یا کسی دوسری سرگرمی کے لیے سرکاری گاڑیوں کے استعمال کو ختم کرنا اور عوامی فنڈز سے حاصل کی گئی گاڑیوں کے عوامی خدمات کی فراہمی پر زور دینا ہے۔

گلگت بلتستان

Government Vehicles

Government of Gilgit Baltistan