غیر شرعی نکاح کیس: عدالت نے عمران خان کو طلب کرلیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم کی طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں عمران خان کو عدالت طلبی کا نوٹس جاری کیا۔
عدالت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 25 ستمبر کو جیل سے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عدالت نے عملے کو اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ کے نام روبکار جاری کرنے کی ڈائریکشن بھی دے دی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر دلائل بھی طلب کرلیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد قدرت اللہ کی عدالت میں ہوئی تھی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو بھی نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا تھا۔
وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے بھی بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور کہا کہ عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست منظور کر رکھی ہے۔
جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ فرد جرم کا معاملہ آیا تو بشریٰ بی بی کی حاضری ضروری ہو گی جبکہ وکیل نعیم پنجوتھا کا کہنا تھا شیر افضل مروت دائرہ اختیار کی درخواست پر دلائل دیں گے۔
مزید پڑھیں
غیر شرعی نکاح کیس، عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
عمران خان کیخلاف دوران عدت نکاح کا مقدمہ پھر کھل گیا
عمران خان نے غیرشرعی نکاح کیس قابل سماعت قراردیے جانے کیخلاف اپیل دائرکردی
تاہم عدالت نے 25 ستمبر کو فریقین کے وکلاء کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عدت میں نکاح کا کیس درج ہے۔
Comments are closed on this story.