بارش، گرم اور مرطوب موسم میں کیا احتیاط برتنی چاہئیے؟ ماہرین طب نے خبردار کردیا
کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جو تین دن تک ہونے کا امکان ہے، اب چونکہ کراچی ملک کا پہیہ قرار دیا جاتا ہے تو ظاہر ہے اس کا رکنا ممکن نہیں، اور اس پہیے کو گھمانے کیلئے کراچی والوں کو گرمی، سردی، بارش اور طوفان میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہوتی ہیں، ایسے میں ضروری ہے کہ انہیں معلوم ہے اس بارش، حبس اور گرمی میں خود کو محفوظ کیسے رکھا جائے اور بیماریوں سے کیسے بچا جائے۔
اسی لیے طبی ماہرین نے بھی کراچی والوں کو گرم اور مرطوب موسم کے باعث احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ صبح 11 سے شام 5 بجے تک سورج کی شعاعیں براہ راست زمین پر پڑتی ہیں اس لیے شہریوں کو احتیاط برتنی چاہیے، سورج کی براہ راست شعاؤں سے بچنے کیلئے شہری سر ڈھانپ کرباہر نکلیں۔
طبی ماہرین نے ہدایت کی کہ بلڈپریشر اور فالج کے مریض صبح 11 سے سہ پہر 4 بجے کے دوران گرم موسم میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے، گرم موسم میں غیرمعیاری مشروبات یا باہر کے کھانے سے گریز کیا جائے، کیونکہ غیر معیاری مشروبات اور کھانوں سےہیضہ اورگیسٹرو کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔
اسی طرح بارش میں بھیگنے سے گریز کیا جائے، خصوصاً گندے پانی میں جانے سے بچیں، کیونکہ اس میں خطرناک جراثیم موجود ہوتے ہیں جو آپ کو شدید بیمار کرسکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.