Aaj News

منگل, ستمبر 24, 2024  
19 Rabi ul Awal 1446  

کتے کی موت پر دعا کی درخواست، میرب علی کو معافی مانگنی پڑگئی

میرے گھر جانوروں کے ساتھ فیملی جیسا سلوک کیا جاتا ہے، اداکارہ
شائع 18 ستمبر 2023 10:54pm

اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے اپنے پالتو کتے کی موت کے بعد اس کے ’آخری سفر کے لیے دعا‘ کی درخواست کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے ۔

ایک روز قبل اداکارہ میرب علی نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اپنے پالتو کتے کے ساتھ بیٹھی ہیں تاہم تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کے ساتھ بتایا کہ ان کا ٹوکو نامی پالتو کتے کا اچانک مر گیا ہے۔

انہوں نے لکھا تھا کہ بہت دکھ کے ساتھ اعلان کرنا چاہتی ہوں کہ آج صبح میری فیملی کا سب سے قریبی ساتھی، میرا ٹوکو، کا اچانک ”انتقال“ ہوگیا ہے، وہ بیمار تھا لیکن ہمیں یقین تھا کہ وہ ٹھیک ہوجائے گا، پلیز ہمارے ٹوکو کے لیے دعا کریں، آج ہماری فیملی کا ایک فرد ہم سے بچھڑ گیا ہے۔

پالتو کتے کی موت کے بعد اس کے لیے دعا کرنے کی درخواست پر سوشل میڈیا صارفین مختلف تبصرے اور ٹرولنگ کرنے لگے۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ لوگوں سے اپنے پالتو کتے کے لیے دعا مانگنے کے لیے معافی چاہتی ہوں جسے ہم نے فیملی کی طرح سمجھا ہوا تھا۔

میرب نے لکھا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ لوگ اب بھی دوسروں پر یہ حکم دیتے رہیں گے کہ ایسے وقت میں کیا اور کس طرح کے ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے، یہ میرے اور میری فیملی کے لیے مشکل وقت تھا چاہے یہ آپ لوگوں کے لیے ہو یا نہ ہو۔

اداکارہ و ماڈل نے مزید لکھا کہ میرے گھر جانوروں کے ساتھ فیملی جیسا سلوک کیا جاتا ہے، یہ دیکھ کر افسوس ہوا کہ آپ کے والدین نے آپ کی اس طرح پرورش کی ہے، اگر آپ میری بات سے متفق نہیں تھے تو آپ میری پوسٹ کو نظر انداز کرسکتے تھے۔

Merub Ali