Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ رشید 2 ساتھیوں سمیت گرفتار، آئی جی پنجاب نے تصدیق کردی

نو مئی کے واقعات میں مطلوب تھے، عثمان انور
اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2023 08:18am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی جی پنجاب عثمان انور نے شیخ رشید کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان کا کہنا ہے کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے ساتھ دو لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

سردارعبدالرازق نے بتایا کہ شیخ رشید کو اسلام آباد پولیس اور سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے گرفتار کیا، اسلام آباد پولیس شیخ رشید کو لے کر روانہ ہوگئی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ نہیں۔

دوسری جانب شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے اس حوالے سے جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ کو پنجاب پولیس کی بھاری تعداد نے بحریہ ٹاؤن کے فیز 3 سے گرفتار کیا، یہ نہیں معلوم کہ وہ اس وقت کہاں پر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید کے ساتھ راشد شفیق کے بڑے بھائی شیخ شاکر اور پرسنل سیکریٹری شیخ عمران کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور اسلام آباد کی پولیس نے ہائیکورٹس میں لکھ کردیا ہوا ہے شیخ رشید ہمیں کسی کیس میں مطلوب نہیں ہیں، انہوں نے پہلے دن سے نو مئی واقعات کی مذمت کی ہے، میں بھی کرتا ہوں۔

راشد شفیق نے کہا کہ اعلی اداروں سے کہتا ہوں شیخ رشید احمد، شیخ شاکر اور ملازم کہاں ہیں بتائیں، کسی پرچے میں نامزد ہیں تو تھانے پیش کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم قانونی جنگ لڑیں گے، فوری طور پر بتایا جائے شیخ رشید احمد کون سے تھانے میں ہیں اور کس کیس میں نامزد ہیں، ہمارے وکیل سردار عبدالرازق اسلام آباد ہائیکورٹ اور پنڈی ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے۔

شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید کی جان کو کچھ بھی نقصان ہوا تو پنجاب اور وفاقی حکومت اس کی ذمہ دار ہو گی۔

ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ سمیت مختلف مقدمات پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو گرفتار کر لیا ہے

بی سی سی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کی گرفتاری کی تردید کی تھی۔

شیخ رشید احمد 9 مئی واقعات کے بعد سے منظرعام سے غائب تھے۔

رواں سال یہ شیخ رشید کی دوسری گرفتاری ہے، اس سے قبل انہیں فروری میں آصف علی زرداری کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

rawalpindi

Sheikh Rasheed

sheikh Rasheed arrested