Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگران وزیراعظم نے یک جماعتی نظام کی بات نہیں کی، وفاقی وزیر اطلاعات

میڈیا کے کچھ حصوں میں ملک میں مارشل لاء لگانے کا جھوٹا تاثر دیا گیا، مرتضیٰ سولنگی
شائع 16 ستمبر 2023 09:37pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی گزشتہ روز میڈیا سے کی گئی گفتگو پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

نگراں وزیراعلاعات نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ روزنامہ ڈان نے نگراں وزیراعظم کی میڈیا کے ساتھ گزشتہ روز گفتگو کے حوالے سے خبر سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کی، ڈان اخبار نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ پالیسیوں میں تسلسل اور مستقل مزاجی اسی وقت ممکن ہے جب یک جماعتی نظام ہو۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ اس تاثر کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے جوڑا گیا، اس خبر کی اشاعت کے بعد بہت سے صحافیوں نے اس پر غیر ضروری تبصرے کئے۔

انہوں نے کہا کہ روزنامہ ڈان کی اس خبر سے میڈیا کے کچھ حصوں میں ملک میں مارشل لاء لگانے کا جھوٹا تاثر دیا گیا، کچھ صحافیوں نے وہ نتائج اخذ کرلئے جو وزیراعظم کا پیغام تھا نہ عندیہ۔

نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ ڈان اخبار نے غلط خبر شائع کی، ڈان اخبار نے ایسا پہلی مرتبہ نہیں کیا، روزنامہ ڈان نے چند روز قبل بھی ایک غلط خبر شائع کی تھی جو عالمی میڈیا میں ہماری بدنامی کا باعث بنی۔

انہوں نے کہا کہ ایک موقر اخبار کی طرف سے بار بار غلط خبریں شائع ہونا افسوسناک امر ہے، میڈیا کو تنقید کا حق حاصل ہے لیکن جو بات ہم نے کہی نہیں اس کا الزام عائد کرنا درست نہیں، ایسے رویوں کا صحافت اور آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں۔

Murtaza Solangi

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar