Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں پولیس مقابلہ، 7 سالہ بچی کے قتل میں ملوث ڈاکو گرفتار

ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کی گئی
شائع 16 ستمبر 2023 07:18pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، گرفتار ملزمان 7 سالہ بچی کے قتل کیس میں ملوث نکلے، ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے کی گئی۔

نیو کراچی سیکٹر 11-I عقب ٹیلی-فون ایکسچینج پر پولیس کا اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا، جہاں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس نے دوران گشت ملزمان کو مشکوک سمجھ کر رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار ہونے والے زخمی ملزمان نے اپنا نام امان اللہ ولد سعد اللہ اور بشیر ولد جان محمد بتایا جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد پستول، 30 بور لوڈ میگزین بمعہ راؤنڈ، ایک عدد موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد ہوئی۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار زخمی ملزمان 2 روز قبل تیموریہ کی حدود میں 7 سالہ بچی کے قتل کیس میں ملوث ہیں جبکہ ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کر لی گئی ہے۔

ملزمان 14 ستمبر کو ہوٹل میں لوٹ مار کرنے آئے تھے جن پر گارڈ نے فائرنگ کی تھی، گارڈ کی فائرنگ پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے تھے جبکہ گارڈ کی گولی سڑک سے گزرنے والی کار میں پیچھے سیٹ پر بیٹھی 7 سالہ بچی کو لگی جو اپنے والد کے ساتھ تھی۔

ملزم امان اللہ کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے وقت موٹر سائیکل چلا تے جبکہ دوسرا ساتھی بشیر کے پاس اسلحہ دیکھا جاسکتا ہے، گرفتار ملزمان سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں سچل اور سہراب گوٹھ تھانہ سے گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔

پاکستان

karachi

Sindh Police

Street Crimes

Karachi Street Crimes