Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’نگراں حکومت کو مینڈیٹ نہیں کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائے‘

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، بلوچستان بار کونسل
شائع 16 ستمبر 2023 06:53pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

بلوچستان بار کونسل نے نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔ بلوچستان بار کونسل کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ عوام ، سول سوسائیٹی اور وکلاء پر لازم ہے کہ وہ مہنگائی، کرپشن، بیڈ گورننس کے خلاف جدوجہد کریں۔

ایک بیان میں بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین امان اللہ خان کاکڑ ، چیئرمین ایگزیکٹو و کمیٹی قاسم علی گاجزئی ، ممبران بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور ایوب ترین نے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے فیصلے کو مسترد کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’نگراں حکومت کو یہ مینڈیٹ نہیں کہ وہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائے‘، اس وقت عوام شدید ترین مہنگائی کا شکار ہے۔

بیان میں کہا کہ نگراں حکومت نے آتے ہی ملک میں بجلی، پیٹرول اور ڈیزل کے قیمتیں بڑھا کر عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج عام شہری مہنگائی کی وجہ سے پریشان حال ہے، ملک شدید ترین معاشی بحران کا شکار ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل ملک میں فوری طور پر صاف و شفاف انتخابات ہیں۔

بلوچستان بار کونسل کے عہدیداران نے مزید کہا کہ صوبے میں لوگوں کا ذریعہ معاش بارڈر ٹریڈ ہے، بارڈر کی بندش سے عوام شدید ترین معاشی مسائل کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے آنے کے بعد عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور آج مملکت پاکستان کے عوام آئی ایم ایف کی پالسیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، بے روز گاری، لاقانونیت اور بیڈ گورننس اپنے عروج پر ہے۔ عوام ، سول سوسائٹی اور وکلاء پر لازم ہے کہ وہ مہنگائی، کرپشن، بیڈ گورننس کے خلاف جدوجہد کریں، بلوچستان بار کونسل مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے۔

petrol price

Caretaker government

Pakistan Poverty

general elections 2023

Caretaker Prime Minister Anwar ul Haq Kakar