Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

’اتنی جلدی تو ہمارا پیزا نہیں آتا جتنی جلدی یہ بچہ آگیا‘

ڈرامہ سیریل 'مائے ری' نے مزاحیہ میمز کو جنم دیا
شائع 16 ستمبر 2023 08:31am

ڈرامہ ’مائے ری‘ میں کم عمر جوڑے کے والدین بننے پر مداح حیران ہوگئے کچھ مداح عینی کی حمایت میں بولے تو کچھ نے فاخر کو غیر ذمہ دار قرار دیا ۔

مقبول لیکن متنازع ڈرامے مائی ری کی کہانی بچپن کی شادی کے موضوع پر مبنی ہے، جہاں دواسکول جانے والے طالب علموں کو ان کے گھر والوں نے شادی کرنے پر مجبور کیا۔

ڈرامے کی 43 ویں قسط میں اس جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش دکھائی گئی ہے ساتھ ہی اسی قسط میں دکھایا گیا ہے کہ کم عمری میں والدین بننے کے بعد کس طرح وہ بچہ پیدا ہونے پر پریشان ہوگئے اور کیسے ان کی اپنی زندگی متاثر ہوئی۔

تاہم عینی اور فاخر والدین کے رتبے پر فائز ہوئے تو دیکھنے والوں نے سوشل میڈیا پر مزاحیہ میمز کے ذریعے اپنا ردعمل دیا۔

ڈرامے کے ہدایتکار میثم نقوی نے ایک انٹرویو میں ڈرامے کے اسکرپٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکرپٹ پر ڈراما بنانے کے لیے پہلے چینل نے منع کردیا تھا کیونکہ یہ بہت حساس موضوع تھا، اس موضوع پر ہم کھل کر بات نہیں کرسکتے۔

میثم نقوی نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو کم عمر شادی کو بہت نارمل سمجھتے ہیں، پہلے برصغیر میں کم عمر شادی ہوجانا بڑی بات نہیں تھی، 14 سے 15 سال کی عمر میں خواتین کے بچے ہوجاتے تھے، لیکن اس سلسلے میں جب وقت کے ساتھ ساتھ مسائل پیدا ہوئے تو اس بیماری یا مسائل کی نشاندہی نہیں کی گئی، اس لیے ایسے موضوعات پر بات کرنا یا ڈراما بنانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

فہد مصطفیٰ اور ڈاکٹر علی کاظمی کی پروڈیوس کردہ اس سیریز کو ثنا فہد نے لکھا ہے جبکہ میثم نقوی اس ڈرامے کے ہدایتکار ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں عینا آصف، ثمر عباس، نعمان اعجاز، ماریہ واسطی، مایا خان، ساجدہ سید، سعد فریدی، آمنہ ملک، پارس مسرور، عثمان مظہر اور دیا مغل شامل ہیں۔

Mai Re