Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ملک کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی

آج رات خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، محکمہ موسمیات
شائع 15 ستمبر 2023 09:52pm
مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات تصویر: اے ایف پی/ فائل
مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات تصویر: اے ایف پی/ فائل

محکمہ موسمیات نے ملک کے متعدد اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات (15 ستمبر) سے خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور 16 ستمبر کو مغربی ہوائیں بھی ان علاقوں میں داخل ہوجائیں گی، جس کے باعث 15 سے 20 ستمبر کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 20 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، قصور، لاہور، شیخوپورہ میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختون خوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی اورنوشہرہ میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور جب کہ گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر میں ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 16 ستمبر کی رات سے 18 ستمبر کے دوران کرم، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک ، وزیرستان، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور بھکر میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

اس دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، موسیٰ خیل،بارکھان، ژوب، قلات ، خضدار، میر پور خاص ، خیر پور، تھر پارکر، عمر کوٹ اورسانگھڑ میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ممکنہ اثرات اور اقدامات

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث حالیہ گرم اور شدید حبس میں کمی کا امکان ہے، تاہم 17 سے 19 ستمبر کے دوران تیز، موسلا دھار بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، مری، راولپنڈی اسلام آباد کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

16 سے 19 ستمبر کے دوران تیز، موسلادھار بارش کے باعث مری، گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان ، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کسان حضرات موسمیا تی پیش گو ئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں، سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی،جھکڑ، گرج چمک اور شدید بار شوں کے باعث کمزور انفرا اسٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ آندھی، گرج چمک، شدید بار شوں کے دوران عوام کومحفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Rain

Heavy rain