آج سے ملک بھر میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آج سے 20 ستمبر تک ملک بھر میں تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 سے 20 ستمبر کے دوران آندھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ 16 ستمبر سے مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ آج خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی اور کل سے مغربی ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔
آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات بارشوں کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرزالرٹ ہیں، موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، سیاح اور مسافر پیشگوئی کی مدت کےدوران محتاط رہیں، تیزبارش پھلوں کے باغات اور سبزیوں کو نقصان پہنچاسکتی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واسا، میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں سرگرمیوں کی نگرانی کریں، شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔
Comments are closed on this story.