Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کشمیر میں بھارتی کرنل من پریت اور برہان وانی کی موت کا آپس میں کیا تعلق ہے

عسکریت پسند تنظیم نے پاکستانی کشمیر میں کمانڈر کے حالیہ قتل کا بدلہ لیا، بھارتی میڈیا
شائع 14 ستمبر 2023 12:59pm

مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ساتھ لڑائی میں مارے گئے بھارتی فوج کے کرنل من پریت سنگھ اور برہان وانی کی موت میں ایک تعلق سامنے آیا ہے۔

بھارت کے بعض ہندی اور بنگالی اخبارات نے دعوے کیے ہیں کہ من پریت نے ہی برہان وانی کو نشانہ بنایا تھا۔ اگرچہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی لیکن یہ بات تصدیق شدہ ہے کہ کرنل من پریت جس فوجی یونٹ 19 راشٹریہ رائفلز کی کمانڈ کر رہے تھے اسی یونٹ نے 2016 میں برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف آپریشن کیا تھا۔

بھارتی اخبار ٹریبون انڈیا کے مطابق من پریت سندھ کم ازکم 5 برس سے اسی یونٹ میں تھے۔ پہلے تین برس وہ سکینڈ ان کمانڈر (ٹو آئی سی) کے طور پر یونٹ سے وابستہ رہے اور پھر پچھلے دو برس سے وہ کمانڈنگ آفیسر تھے۔ سکھ لائٹ انفنٹری سے فوج میں کمیشن لینے والے کرنل من پریت سنگھ کو فوج میں 17 برس ہوچکے تھے۔

واضح رہے کہ کرنل من پریت سنگھ حالیہ برسوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں مارے گئے بھارتی فوج کے سینئر ترین افسر ہیں۔

بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق کرنل من پریت سنگھ اور ان کے ساتھ مارے گئے میجر آشیش ڈھونچک اور ڈی ایس پی ہارون بھٹ کی ہلاکت کی ذمہ داری Resistance Front نے قبول کی ہے۔ انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا کہ اس گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے راولا کوٹ میں اپنے ایک کمانڈر ریاض احمد کے قتل کا بدلہ لیا ہے جنہیں 8 ستمبر کو مسجد کے اندر گولی ماری گئی تھی۔

یاد رہے کہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ نو بچوں کے باپ ریاض احمد ایک عام کشمیری تھے جو مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے آئے تھے۔

Indian occupied Kashmir

ٰIndia