Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مریم نواز کی آسٹریلوی ہائی کمشنر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

مریم نواز نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2023 07:40pm
تصویر: ایکس /  پی ایم ایل این
تصویر: ایکس / پی ایم ایل این

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے جاتی امرا آمد پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مثبت، تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، قدرتی آفات سمیت ہر مشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے، آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے، مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لائیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

مریم نواز نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

آسٹریلیوی ہائی کمشنر نے ملاقات اور مہمان نوازی کے لئے مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی قیادت اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا.

Maryam Nawaz

Australian High Commissioner