Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 دن بعد 300 روپے سے نیچے آگیا

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان اب فرق تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔
اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2023 04:52pm

منگل کو انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 2.16 روپے سستا ہوکر تین ہفتوں کے بعد 300 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔

آج بروز منگل کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی آئی اور ڈالر ایک روپے 41 پیسے سستا ہوا۔ کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت 300 روپے سے کم ہوکر 299 روپے 75 پیسے ہوگئی۔

گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 301 روپے 16 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا اور ڈالر 300 روپے پر کھڑا رہا۔

تاہم کرنسی ڈیلرز نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر فروخت کے لیے 299 اور خریداری کے لیے 296 پر دستیاب رہا۔

ڈالر کی یہ قیمتیں اب کم و بیش انٹر بینک مارکیٹ ریٹس کے برابر ہیں۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہوئے معاہدے میں کہا گیا ہے کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹوں کے درمیان ایکسچینج ریٹ کا فرق 1.25 فیصد سے زیادہ نہ ہو۔

تاہم، دونوں کے درمیان اب یہ فرق تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔

ایک روز قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300 روپے میں دستیاب تھا۔ گزشتہ ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 24 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

اوپن اور انٹربینک مارکیٹوں میں مقامی کرنسی کی قدرمیں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے کیونکہ حکومت غیر قانونی منی ایکسچینجرز اور ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ ایکسچینج کمپنیوں نے 20 ملین ڈالر سرینڈر کیے ہیں۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا کیونکہ سرمایہ کاروں کو رواں ہفتے ہونے والے مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں شرح سود میں اضافے کی توقع ہے۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس کاروبار کے دوران 112.66 پوائنٹس یا 0.25 فیصد کمی کے بعد 45,753.07 پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

منگل کو کاروباری سیشن کے دوران کے ایس ای 30 انڈیکس 46.92 پوائنٹس یا 0.29 فیصد کمی کے ساتھ 16,136.05 کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔

PSX

stock market

pakistan stock exchange

dollar rates

Pakistan Rupee

INTERBANK US DOLLAR