’میزبان ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے بریف کریں‘
بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) پر بریفنگ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کہتی ہیں سفیروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے میزبان ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بریف کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) پر بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کے لیے ایک ورچوئل بریفنگ سیشن کا اہتمام وزارت خارجہ میں سیکریٹری خارجہ نے کیا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے حکومتی افادیت ڈاکٹر جہانزیب خان نے کونسل کے قیام، قانونی فریم ورک اور دیگر مختلف پہلوؤں سے متعلق سفیروں کو تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
معاون خصوصی نے مشن کے سربراہوں کو ایس آئی ایف سی اقدام کی کامیابی کے حوالے سے توقعات اور ان کی اہم اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں چار اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو خاص طور پر اجاگر کیا جن میں آئی ٹی، زراعت، توانائی اور کان کنی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق سفیروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے میزبان ممالک کو وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے ناطے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے بریف کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
حکومت پاکستان نے فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ’ون ونڈو‘ پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایس آئی ایف سی تشکیل دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :
’سرمایہ کاروں کیلئے طویل مدتی ویزا، پالیسی بزنس فرینڈلی کرنے جارہے ہیں‘
ڈالر کی قیمت میں آرمی چیف کا بڑا ہاتھ ہے، سعودی ولی عہد لمبے دورے پر آئیں گے، نگران وزیراعظم
وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بریفنگ سیشن میں شرکت کی جس میں ایس آئی ایف سی اور بیرون ملک مشنز کے درمیان ایک صحت مند اور نتیجہ خیز انٹرفیس کا آغاز ہوا جو کہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
Comments are closed on this story.