شاہ رخ خان کی ہٹ فلم ’جوان‘ بھی چوری کی نکلی؟
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی صرف 3 دن میں 384 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی فلم ”جوان“ کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ بھی کئی دیگر ہِٹس کی طرح نقل ہے۔
سات ستمبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی گئی فلم نے ماضی کی تمام سپر ہٹ فلموں کے بزنس ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ ایک نیا سنگِ میل عبور کررہی ہے۔
لیکن جیسا کہ بالی ووڈ سے امید رہی ہے، ”جوان“ کو دیکھنے کے بعد بعض شائقینِ فلم نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ 1989 میں ریلیز ہونے والی ایک تامل فلم ”تھائی ناڈو“ کی نقل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کو ”جوان“ دیکھتے ہوئے بیشتر مواقع پر ایسا لگا جیسے ”تھائی ناڈو“ دہرائی جا رہی ہو۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’ایٹلی نے 1989 کی تامل فلم تھائی ناڈو کے پلاٹ لائن کی نقل کی ہے، جس میں ستھیا راج نے جوان میں شاہ رخ کے باپ اور بیٹے کے کرداروں سے ملتا جلتا دوہرا کردار ادا کیا تھا۔ بہت سے لوگوں نے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت سی ساؤتھ فلموں کا مرکب ہے، جن میں اصلیت کی کمی ہے۔‘
خیال رہے کہ 1989 میں ریلیز ہوئی تامل فلم ”تھائی ناڈو“ کی ہدایت کاری اور اسٹوری رائیٹنگ کالی وڈ انڈسٹری کے معروف ہدایت کار آر اروند راج نے کی تھی، جبکہ اس فلم میں ستھایا راج اور اداکارہ رادھیکا بطور ہیرو اور ہیروئن جلوہ گر ہوئے تھے۔
Comments are closed on this story.