Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ میں غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، مقدمات درج

چوبیس گھنٹوں کے دوران 127 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، پولیس
اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2023 08:28pm
تصویر:  پاکستان رینجرز سندھ
تصویر: پاکستان رینجرز سندھ

سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افٖغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران رینجرز نے 41 اور پولیس نے بارڈر کراس کرنے والے 34 افغان باشندوں کو دھرلیا۔کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 127 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔

پاکستان رینجرز سندھ کا غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کراچی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران حب چیک پوسٹ پر 41 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اسنیپ چیکنگ کے دوران شناختی کوائف کی جانچ پڑتال پر 25 افراد سے ایکسپائر افغانی شناختی کارڈ ملا جس پر بلوچستان کا ایڈریس بھی درج ہے۔

دیگر 16 افراد کو شناختی دستاویزات نہ دینے پر گرفتار کیا گیا۔ زیرحراست افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق گرفتار تارکین وطن کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن ون ون زیر ون پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب ضلع غربی پولیس بے غیر ملکی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران غیرقانونی طریقے سے بارڈر کراس کرنے والے 34 افراد کو گرفتار کرلیا۔

افغان باشندے غیر قانونی طورپر بنا کسی ملکی شناخت کے مشکوک حالت میں موجود تھے۔ گرفتاریاں تھانہ اورنگی، مومن آباد، منگھوپیر، پیرآباد، پاکستان بازار، اقبال مارکیٹ اور گلشن معمار کے علاقوں سے عمل میں لائی گئیں۔

اس کے علاوہ کورنگی کے مختلف علاقوں سے 45، ضلع شرقی سے 18،ضلع ملیر سے 14 جبکہ سٹی پولیس نے 9 افغان باشندوں کو گرفتارکرلیا۔

کراچی سنٹرل کے مختلف علاقوں سے 6 افغان باشندے گرفتار کیے گئے جبکہ ڈیفنس پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم 2 افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔

گرفتار افغان باشندوں کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کا کریمنل ریکارڈ بھی بائیومیٹرک کے ذریعے چیک کیا جارہا ہے۔

Sindh Rangers

Afghans