ملک میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن، چینی، گندم اور کھاد کی ہزاروں بوریاں برآمد
ملک کے مختلف شہروں میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، سکھر، لاڑکانہ، سانگھڑ، عمرکوٹ سمیت کئی علاقوں میں چھاپوں کے دوران چینی، گندم اور کھاد کی ہزاروں بوریاں گوداموں سے برآمد کرلی گئیں، کریک ڈاؤن کے بعد چینی کی قیمت میں پچاس روپے تک کمی آگئی۔
لاڑکانہ کی تحصیل نوڈیرو میں گودام پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے گندم کی دس ہزار اور چینی کی سات سو بوریاں ملیں جبکہ گودام میں خراب گندم کی ساڑھے تین سو بوریاں بھی موجود تھیں۔
سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں محکمہ خوراک نے گوداموں پر چھاپے مار کر چینی کی دو ہزار بوریاں تحویل میں لے لیں۔
سکھر کے گوداموں میں گندم کی پندرہ سو اور یوریا کھاد کی ایک ہزار سے زائد بوریاں ذخیرہ تھیں۔
سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو میں گوداموں سے گندم کی پندرہ سو اور چینی کی چار سو بوریاں برآمد کرکے دو گودام سیل کردیے گئے۔
عمرکوٹ میں ذخیرہ اندوزوں نے چینی اور یوریا کھاد مارکیٹ سے غائب کردی۔بیوپاریوں نے قلت کا بہانہ بنا کر یوریا کھاد کی فروخت بند کر دی۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں افغان مہاجرکیمپ میں چھپائی گئی پانچ ٹن چینی برآمد کرلی گئی۔
باجوڑ میں بھی ضلعی انتظامیہ نے سینکڑوں چینی کی بوریاں ضبط کرلیں۔
Comments are closed on this story.