Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت نے چندریان کا خرچ پورا کرنے کیلئے غریبوں کا راشن کاٹ لیا

متاثرین نے راشن ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا
شائع 09 ستمبر 2023 10:32am
تصویر/ بھارتی میڈیا
تصویر/ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ کے چترا ضلع کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ چندریان مش 3 پر آنے والے اخراجات کی وجہ سے سرکاری ڈیلرز نے ان کے مفت راشن میں 5 سے 10 کلو کی کٹوتی کردی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گاؤں میں مفت راشن سے فائدہ اٹھانے والوں نے سب ڈویژنل آفیسر (ایس ڈی او) سدھیر کمار داس سے رابطہ کرکے راشن ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ضلعی انتظامیہ نے چھ راشن ڈیلرز کو معطل کرکے 24 سے زائد ڈیلرز سے وضاحت طلب کر لی ہے تاہم راشن ڈیلرز نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ انہوں نے نے چندریان 3 مشن پر مرکزی حکومت کے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررہ کوٹے میں کمی کی۔

پنچایت کے سربراہ امیش رام نے کہا کہ ان کے گاؤں میں راشن ڈیلروں نے چندریان 3 مشن پر حکومت کے خرچ کا حوالہ دیتے ہوئے اناج کے مقررہ کوٹے سے کٹوتی کی ہے۔

مقامی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما رویندر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں نے ابتداء میں راشن کی کٹوتی کو قبول کیا لیکن جب انہیں ڈیلروں کی جانب سے وجہ بتائی گئی تو وہ ناراض ہوگئے۔

رویندر سنگھ نے دھمکی دی کہ اگر انتظامیہ نے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرنے میں سستی کا مظاہرہ کیا تو وہ احتجاج کریں گے۔

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے ایک وفد نے بھی ایک سینئر ضلعی عہدیدار سے ملاقات کی اور راشن ڈیلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ جب ان سے مبینہ بے ضابطگیوں کے بارے میں پوچھا گیا، تو ڈیلرز نے راشن کی فراہمی میں کسی قسم کی کٹوتی سے انکار کیا۔

ٰIndia

Chandrayaan 3