Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

انڈیا کے نام کی تبدیلی، سہواگ کی پیشگوئی پر سب حیران

کیا سہواگ کو پہلے ہی معلوم تھا؟
شائع 05 ستمبر 2023 07:16pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے ”انڈیا“ کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ایسا لگتا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کی جانب سے کی گئی پیشگوئی درست ثابت ہوئی ہے۔

دو ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ کے دوران وریندر سہواگ نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ”انڈیا بمقابلہ پاکستان“ کے بجائے ”بھارت بمقابلہ پاکستان“ لکھا۔

پاک بھارت ٹاکرے کو بارش کی نذر ہونے پر وریندر سہواگ نے ”ایکس“ پر جاری پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’بارش کے وقت چائے پکوڑے رکھتے ہیں، ایشیا کپ بھی رکھ دیا‘۔

ساتھ ہی انہوں نے ”بھارت بمقابلہ پاکستان“ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔

جس کے بعد آج مودی حکومت نے آئین میں ”انڈیا“ کا نام تبدیل کرکے ”بھارت“ رکھنے کا اعلان کیا۔

مودی حکومت کے اس فیصلے کے بعد ایکس صارفین کو وریندر سہواگ ہیش ٹیگ یاد آگیا۔

مزید پڑھیں: بی سی بی کی تجاویز مسترد، ایشیا کپ کے بقیہ تمام میچز کولمبو میں کرانے کا فیصلہ

جانی براوو نامی ایکس صارف نے سہواگ کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’انڈیا کا نام بھارت ہونے سے متعلق سب سے پہلے سہواگ کو معلوم تھا۔‘

جواب میں کرکٹر نے لکھا، ’میں نے ہمیشہ خیال کیا ہے کہ ایک ایسا نام ہونا چاہئے جو ہمارے اندر فخر پیدا کرے۔‘

سہواگ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم بھارتی ہیں، انڈیا انگریزوں کا دیا ہوا نام ہے، ہمارے اصل نام ”بھارت“ کو سرکاری طور پر واپس حاصل کرنے کے لیے کافی عرصہ لگ گیا۔‘

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ کا ٹکٹ 70 لاکھ روپے سے بھی مہنگا ہوگیا

انہوں نے لکھا، ’میں جے شاہ اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ اس بار ورلڈ کپ میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر کھلاڑی کے سینے پر ”بھارتی“ ہو۔‘

وریندر سہواگ نے ماضی کا قصہ بیان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’1996 کے ورلڈ کپ میں، نیدرلینڈز ہالینڈ کے طور پر بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے آیا تھا، تاہم 2003 میں جب ہم ان سے ملے تو انہوں نے نام تبدیل نہیں کیا بلکہ وہ نیدرلینڈز تھے اور ایسے ہی رہے‘۔

سہواگ نے بتایا کہ ’برما نے اپنا نام بدل کر میانمار رکھ دیا ہے جو انگریزوں نے دیا تھا، جبکہ دیگر ممالک بھی اپنے اصل نام پر واپس چلے گئے ہیں۔‘

virender sehwag

Prediction

India Changing Name