Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آرمی چیف نے کہا کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان سے مخلص نہیں، زبیرموتی والا

آرمی چیف نے 10 سیاستدانوں کے نام لیے، اور کہا یہ موٹرسائیکلوں پر تھے اور اب کہاں ہیں،عرفان شیخ
اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2023 11:05am

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرنے والے تاجروں کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان سے مخلص نہیں۔ صدر ایف پی سی سی آئی عرفان شیخ نے بتایا کہ آرمی چیف نے 8 سے 10 سیاستدانوں کے نام لے کر کہا کہ یہ موٹرسائیکلوں پر تھے اوراب بیرون ملک ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے 3 ستمبر کو کراچی اور لاہور کے تاجروں نے ملاقات کی تھی، جس میں معروف کاروباری شخصیت زبیر موتی والا بھی شامل تھے۔

گزشتہ روز معروف اینکر ”ندیم ملک“ کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے زبیر موتی والا نے بتایا کہ آرمی چیف نے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان سے مخلص نہیں۔

صدر ایف پی سی سی آئی عرفان شیخ نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی معیشت کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ بہت متحرک اور فکر مند ہیں، اور بہت جلد بہت سی سیاسی شخصیات قانون کے کٹہرے میں نظر آئیں گی۔

عرفان شیخ نے ملاقات کے احوال میں بتایا کہ آرمی چیف نے باقاعدہ 8 سے 10 سیاستدانوں کے نام لے کر کہا کہ یہ لوگ موٹر سائیکل چلاتے تھے اب پیسہ بھی آگیا اور یہ بیرون ملک بھی چلے گئے۔

عرفان شیخ نے کہا کہ آرمی چیف کی گفتگو سے لگا کہ ان سب سیاستدانوں پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

اس سے قبل آرمی چیف سے ملاقات کرنے والے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا تھا کہ وفد سے ملاقات میں آرمی چیف نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ نگراں دور حکومت میں سربراہ فوج پاکستان کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہیں، جب کہ نامہ نگاروں کا دعویٰ ہے کہ کوئی بھی غیرملکی سرمایہ کار اور دوست ممالک کے حکمران پاکستان میں آرمی چیف سے ہی بات کرنا چاہتے ہیں۔